ملتان؛ شاہد خان آفریدی فاؤنڈیشن کی جانب سے کرونا وائرس سے متاثرہ 500 مستحقین میں راشن تقسیم

212

ملتان، 23اپریل(اے پی پی ): مایہ ناز کرکٹر شاہدخان آفریدی نے جمعرات کو یہاں سپورٹس گراونڈ میں شاہد خان آفریدی فاؤنڈیشن کی جانب سے کرونا وائرس  سے متاثرہ  500 مستحقین میں راشن تقسیم کیا ۔

اس موقع پر شاہد خان آفریدی  نے  کہا  ہے کہ  ملتان کے لوگوں نے  ہمیشہ مجھے پیار دیا ہے اورکھیل کے دوران ہمیشہ مجھے سپورٹ کیا ہے، ملتان میری ٹیم ملتان سلطان کا ہوم گراونڈ ہے، مصیبت کے اس گھڑی میں ملتان کے باسیوں کو نہیں بھلا سکتا۔

 شاہد آفریدی نے کہا کہ گزشتہ ایک ماہ سے چترال ،دیر اور وزیرستان میں راشن کی تقسیم کے حوالے  سے مصروف رہا،  ڈپٹی کمشنر عامر خٹک سے ملتان کے بہن بھائیوں میں راشن تقسیم کرنیکی خواہش کا اظہار کیا تو انہوں نے ایک دن میں انتظامات کرنے میں میری مدد کی،شاہدآفریدی نے کہا کہ راشن کی فراہمی کا سلسلہ رمضان اور اس کے بعد بھی جاری رہے گا،دعا ہےاللہ تعالیٰ اپنے رحم اور کرم سے پاکستان اور پوری دنیا سے اس وباء کا خاتمہ کرے۔

اس موقع پر ڈپٹی کمشنر عامر خٹک، اسسٹنٹ کمشنرزعابدہ فریداور شہزاد محبوب بھی موجود تھے۔

اے پی پی /ملتان/ھامد