وزیراعظم عمران خان کا راولپنڈی میں ہلال احمر پاکستان کی طرف سے قائم کردہ کورونا ہسپتال کا دورہ

179

اسلام آباد ، 22 اپریل (اے پی پی): وزیراعظم عمران خان نے راولپنڈی میں ہلال احمر پاکستان کی طرف سے قائم کردہ کورونا ہسپتال کا دورہ کیا۔ وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد، معاونین خصوصی ڈاکٹر ثانیہ نشتر، ڈاکٹر ظفر مرزا اور ممبر قومی اسمبلی عامر محمود کیانی بھی وزیراعظم کے ہمراہ تھے۔ چیئرمین ہلال احمر پاکستان ابرار الحق نے وزیراعظم کو کورونا سے پیدا ہونے والی صورتحال کے پیش نظر ہلال احمر کی جانب سے کئے گئے اقدامات کے حوالہ سے تفصیلی بریفنگ دی۔ انہوں نے بتایا کہ ہلال احمر کی جانب سے قائم کئے گئے اس ہسپتال میں سو مریضوں کے علاج کی گنجائش ہے، ہسپتال میں 10 بستروں پر مشتمل انتہائی نگداشت یونٹ میں 8 وینٹی لیٹر موجود ہیں۔ وزیرِاعظم کو ہسپتال میں موجود دیگر سہولتوں بشمول آپریشن تھیٹر، ایکسرے، الٹراءساونڈ، لیبارٹری اور فارمیسی کے بارے میں بھی تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ بعد ازاں وزیرِاعظم نے ہسپتال میں کورونا مریضوں کےلئے قائم کئے گئے وارڈز کا بھی دورہ کیا اور سہولیات کا جائزہ لیا۔

اے پی پی / ڈیسک /ریحانہ