وفاقی وزیر اسد عمر کا احساس کیش سینٹر کا دورہ، انتظامات کا جائزہ لیا

154

اسلام آباد،16 اپریل  (اے پی پی): وفاقی وزیر براۓ منصوبہ بندی، ترقی اور خصوصی اقدامات اسد عمر نے جمعرات  کو یہاں

اسلام آباد جی ٹین فور میں قائم احساس کیش پروگرام سینٹر   کا اچانک دورہ کیا  جہاں انہوں نے کیش سینٹر پر کیے گئے انتظامات کا جائزہ لیا ۔

اس موقع  پر  عوام کو در پیش مشکلات کے حوالے سے گفتگو  کرتے ہوئے وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ عوامی سہولت کیلئے کیش سینٹر پر بائیو میٹرک مشینوں کی تعداد بڑھائی جائے۔  ایک دن میں زیادہ سے زیادہ لوگوں میں رقم تقسیم کیلئے انتظامات کیے جا رہے ہیں تا کہ زیادہ سے زیادہ افراد کو سہولت فراہم کی جا سکے۔

وفاقی وزیر نے اس مشکل وقت میں عوام کو ریلیف پہنچانے اور پاکستان کے کمزور طبقے کے تحفظ کے عزم کا اعادہ کیا اور کہا کہ اس مشکل وقت میں کم آمدنی اور دیہاڑی دار  طبقے کے لیے احساس پروگرام کے تحت ایک کروڑ بیس لاکھ لوگوں تک کیش پہنچایا جائے گا ۔ ان کا کہنا تھا کہ کورونا کے روک تھام کیلئے مربوط انداز میں فیصلے لیے ہیں جن کا مقصد عوام کی فلاح اور اس وبا کے پھیلاؤ کو روکنا ہے۔

اے پی پی/ سعیدہ/قرۃالعین