کرونا وائرس سے بچاؤ کا واحد راستہ احتیاط ہے: گلوکار کرن خان

428

پشاور، 08اپریل (اے پی پی): پشتو زبان کے معروف گلوکار کرن خان نے کرونا وائرس کے حوالے سے اپنے احساسات اور جذبات کے پیش نظر عوام سے اپیل کی ہے کہ کچھ ہی دنوں کی بات ہے اگر عوام مزید کچھ اور دن اپنے گھروں میں رہیں اور صفائی کا خیال رکھیں تو اس موذی مرض کو شکست دی جاسکتی ہے۔

بدھ کو جاری  ویڈیو پیغام میں کرن خان کا کہنا تھا کہ صفائی نصف ایمان ہے اور کورونا وائرس کے خاتمہ کیلئے بھی ڈاکٹروں نے ہاتھ دھونے پر زور دیا ہے.۔کرن خان نے کہا  کہ کورونا وائرس کے خاتمہ کیلئے احتیاطی تدابیر اختیار کرنی چاہیے  تاکہ اس وبا سے ہم محفوظ ہو سکیں۔ ان کا کہنا ہے کہ اگر کچھ وجوہات کی بناء پر ماسکس اور سینیٹایزرز دستیاب نہ ہوسکیں تو رومال سے بھی اپنا چہرہ ڈھکا جاسکتا ہے اور گھر واپسی پر رومال کو دھوکر دوبارہ استعمال کیا جاسکتا ہے جبکہ سینی ٹائزرز کے بجائے کسی بھی صابن سے ہاتھ منہ دھوکر جراثیم کا خاتمہ ممکن بنایا جاسکتا ہے۔

کرن خان نے واضح کیا ہے کہ جب تک ہم ایک دوسرے کے حقوق کا خیال نہ رکھیں ، اللہ تعالی سے رجوع نہ کریں یا احتیاطی تدابیر نہ اپنائیں تو اس وقت تک ہم اس وبا سے نجات حاصل کرنے میں کامیاب نہیں ہوں گے۔

اے پی پی/صائمہ حیات /قرۃالعین