کورونا ریلیف ٹائیگر فورس میں رجسٹریشن کیلئے نوجوانوں کا جذبہ قابل تعریف ہے؛وزیراعظم عمران خان

172

اسلام آباد، 6 اپریل (اے پی پی): وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ کورونا ریلیف ٹائیگر فورس میں رجسٹریشن کیلئے نوجوانوں کا جذبہ قابل تعریف ہے، یقین تھا نوجوان مشکل وقت میں قومی جذبہ کا بھرپور مظاہرہ کریں گے، نوجوانوں کو صوبائی اور ضلعی سطح پر جلد متحرک کیا جائے، وزیراعظم نے ٹائیگر فورس کے اعداد و شمار سے مسلسل آگاہ رکھنے کی بھی ہدایت کی۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے معاون خصوصی عثمان ڈار سے ملاقات کے دوران کیا جنہوں نے پیر کو یہاں وزیراعظم عمران خان سے ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران انہوں نے وزیراعظم سے کورونا ریلیف ٹائیگر فورس کے آپریشنل معاملات پر مشاورت کی اور  ٹائیگر فورس کی لائیو اپ ڈیٹ کو پبلک کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔

 معاون خصوصی عثمان ڈار نے وزیراعظم کو ٹائیگر فورس کی تازہ ترین رپورٹ بھی پیش کی جس پر وزیراعظم نے اظہار اطمینان کیا اور فورس کو صوبائی سطح پر فوری متحرک کرنے کی ہدایت کی۔ معاون خصوصی نے بتایا کہ وزیراعظم کی ہدایت پر ٹائیگر فورس کا پورٹل کوویڈ۔19 کی سرکاری ویب سائٹ سے لنک کر دیا گیا ہے، ٹائیگر فورس کی لائیو اپ ڈیٹhttp://crt.covid.gov.pk  پر دیکھی جا سکتی ہیں۔

عثمان ڈار نے آگاہ کیا کہ ٹائیگر فورس میں رجسٹرڈ نوجوانوں کی تعداد 7 لاکھ 39 ہزار سے تجاوز کر گئی ہے۔ رجسٹرڈ نوجوانوں میں سب سے زیادہ تعداد طلباء اور سوشل ورکرز کی ہے۔ انہوں نے آگاہ کیا کہ انجینئرز، اساتذہ، وکلاء اور کارپوریٹ سیکٹر سے وابستہ افراد بھی فورس میں شامل ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ وکلاء، صحافی اور ریٹائرڈ آرمڈ فورسز سے وابستہ افراد نے بھی رجسٹریشن میں حصہ لیا ہے جبکہ ڈاکڑز، سیاسی ورکرز اور این جی اوز کے نوجوان بھی بڑی تعداد میں شامل ہوئے ہیں۔

عثمان ڈار نے وزیراعظم کو بتایا کہ پنجاب سے رجسٹرڈ نوجوانوں کی تعداد 4 لاکھ 94 ہزار سے زائد ہے جبکہ سندھ سے ایک لاکھ 11 ہزار، پختونخوا سے ایک لاکھ 2 ہزار نوجوان، اسلام آباد سے 10 ہزار، بلوچستان سے 9 ہزار اور آزاد کشمیر سے 8 ہزار نوجوان فورس کا حصہ بن گئے ہیں۔ وزیراعظم نے کہا کہ نوجوانوں کا جذبہ قابل تعریف ہے، یقین تھا نوجوان مشکل وقت میں قومی جذبے کا بھرپور مظاہرہ کریں گے۔

 وزیراعظم نے ہدایت کی کہ نوجوانوں کو صوبائی اور ضلعی سطح پر جلد متحرک کیا جائے۔ وزیراعظم نے ٹائیگر فورس کے اعداد و شمار سے مسلسل آگاہ رکھنے کی بھی ہدایت کی۔

اے پی پی /ڈیسک/حامد