یوٹیلٹی سٹورز پر ریلیف پیکیج کو عید الفطر تک توسیع دی گئی ہے؛ معاون خصوصی برائے اطلاعات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان

122

اسلام آباد، 09 اپریل(اے پی پی ):وزیر اعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان  نے  کہا   ہے کہ  یوٹیلٹی سٹورز پر ریلیف پیکیج کو عید الفطر تک  توسیع دی گئی ہے، پیکیج کے تحت 19اشیاء رعایتی نرخوں پر دستیاب ہوں گی،انہوں نے کہا کہ یوٹیلٹی سٹورز کیلئے ڈھائی ارب روپے کا پیکج منظور کیا گیا ہے، ضرورت کے مطابق اس پیکیج کو 7ارب تک توسیع دی جائے گی۔

جمعرات کو یہاں  ایم ڈی  یوٹیلٹی سٹورز عمر لودھی کے ہمراہ پریس کانفرس سے خطاب میں  ڈاکٹر فردوس عاشق نے  کہا  کہ عوام کو ضروری اشیاء کی رعایتی نرخوں پر فراہمی یقینی بنائی جائیگی،ضروری اشیاء کی فراہمی کیلئے نگرانی کا عمل موثر بنایا جارہا ہے۔انہوں نے کہا کہ مشکل کی گھڑی میں اہل وطن کو تنہا نہیں چھوڑیں گے،کورونا وائرس کی روک تھام کیلئے ہر ممکن اقدام کیے جارہے ہیں۔

ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ احساس پروگرام کے تحت مستحقین کو کیش گرانٹ کی فراہمی کا آغاز کردیا گیا ہے ،متاثرین کو 12ہزار روپے کیش گرانٹ فراہم کی جارہی ہے۔عوام کو ریلیف کی فراہمی کیلئے پرعزم ہیں۔انہوں نے  کہا کہ حکومتی پالیسیوں کا محور غریب اور پسماندہ طبقے کو ریلیف کی فراہمی ہے،امدادی سرگرمیوں میں مخیر حضرات کے جذبوں کو سراہتے ہیں۔

  ایم ڈی  یوٹیلٹی سٹورز عمر لودھی نے پریس کانفرنس  سے  خطاب میں  کہا کہ یوٹیلٹی سٹورز پر آٹا،گھی،چینی اور دیگر ضروری اشیاء رعایتی نرخوں پر دی جائیں گی جبکہ   رمضان المبارک میں کھجور،شربت اور دیگر اشیاء پر بھی سبسڈی دے رہے ہیں،انہوں نے   کہا کہ  دالیں اور بیسن 20فیصد تک رعایتی نرخ پر فراہم کریں گے جبکہ  عید الفطر کے بعد بھی  پانچ اشیاء پر سبسڈی کی فراہمی جاری رہے گی۔

ایم ڈی یوٹیلٹی سٹورز نے  مزید  کہا کہ دیہی علاقوں میں مزید 200سٹورز کھولنے کا منصوبہ ہے۔

اے پی پی ۔ناہید۔حامد