اٹھارویں ترمیم میں شامل کچھ شقوں کو باہمی اتفاق سے درست کرنے کی ضرورت ہے؛ فیصل واڈا

132

 

کراچی،30مئی (اے پی پی): وفاقی وزیر برائے آبی وسائل فیصل واڈا نے  کہا ہے کہ ہمیں اٹھارویں ترمیم سے نہیں اس میں شامل کچھ شقوں سے مسئلہ ہے جسے باہمی اتفاق سے درست کرنے کی ضرورت محسوس کرتے ہیں ۔

کراچی میں میڈیا سے گفتگو میں انہوں نے کہا کہ اپنی مدد آپ کے تحت راشن تقسیم پروگرام کے تیسرے مرحلے میں داخل ہو چکے ہیں، ہمیں کوئی حکومتی فنڈ میسر نہیں ہے، ہم نے حلقہ 249 میں ایک ڈسپنسر ی بھی قائم کی ہے جسے ہم چلا رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ہم سندھ حکومت کی طرح راتوں رات اربوں روپے تقسیم نہیں کر سکتے۔ شفاف طریقے سے عوامی خدمت انجام دے رہے ہیں ، یو سیز کی سطح پر کام کر رہے ہیں ۔

 انہوں نے طیارہ حادثہ پر بات کرتے ہوئے کہا کہ پی آئی اے کی آڈٹ رپورٹ پہلی دفعہ وزیر اعظم کو پیش کی گئی جس کے مطابق پی آئی اے منافع میں جا رہی ہے، اس ادارے میں سیاسی بنیاد پر بھرتیاں کی گئیں جس سے اربوں کا خسارہ ہوا اور جن لوگوں نے یہ ظلم کیا آج وہی لوگ ایک قابل سی ای او ارشد ملک کے استعفے کی بات کر رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت کی نا اہلی یہ ہے کہ اب تک طیارہ حادثہ کے جاں بحق افراد کا ڈی این اے نہیں کروا سکی، لواحقین ملک بھر سے یہاں خواری بھگت رہے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ صوبے سے سات ارب کہ گندم غائب ہو گئی جبکہ سندھ حکومت کو ہوش ہی نہیں ہے۔