وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی زیر صدات کابینہ کمیٹی برائے انسداد کورونا کا اجلاس

138

 

لاہور،30 مئی (اے پی پی):وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی زیر صدات کابینہ کمیٹی برائے انسداد کورونا کا اجلاس ہوا،اجلاس میں کورونا وائرس کی وجہ سے پیدا ہونے والی صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا گیا ۔شرکاء نے کورونا وائرس سے بچاؤ کی تدابیر کے لئے تجاویز اور سفارشات پیش کیں اور پنجاب میں ایس او پیز کے مطابق مختلف اداروں کو کھولنے کے لئے وفاق کو سفارشات پیش کرنے پر اتفاق کیا گیا۔

اجلاس میں صوبہ بھر میں منہ اور ناک ڈھانپنے کی پابندی پر عملدرآمد یقینی بنانے کا اصولی فیصلہ کیا گیا۔ انتظامیہ،پولیس اور ٹریفک وارڈن منہ اورناک نہ ڈھانپنے والے افراد کو تنبہ کر سکیں گے۔

اجلاس میں پبلک سروس کمیشن میں ایس او پیز کے تحت ایک ہزارلیڈی ڈاکٹرز کے انٹرویوزکی اجازت دی گئی،پبلک سروس کمیشن ایس او پیزپر عملدرآمد کو یقینی بنا کر تحریری امتحان اور انٹرویوز لے سکے گا،این سی او سی کو پبلک سروس کمیشن انٹرویوز کی اجازت کے فیصلے سے آگاہ کیاجائے گا ۔

اجلاس میں مقامی طو رپر وینٹی لیٹر اور ریسپارائٹرکی تیاری کی اجازت کے لئے ڈریپ سے رجوع کرنے کا فیصلہ کیاگیا۔

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ پارکس کھولنے کی تجویز کا جائزہ،حتمی فیصلہ این او سی او کرے گا،تجارتی اداروں کے نئے اوقات کار اور 2دن تعطیل کا فیصلہ بھی این سی او سی کرے گا۔اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ لاہور کے میو اورجناح ہسپتال میں پلازما ڈونرز کی فہرستوں کی تیاری شروع کیا جائے، ایکسپرٹ پروٹوکول کے تحت نازک حالت میں کورونا مریض کا پلازما سے علاج کیا جاسکےگا،لاہور میں کورونا مریضوں کی نقل و حمل کے لئے سنٹرل کنٹرول روم میو ہسپتال میں بنایا جائے گا،ڈاکٹر اسد اسلم سنٹرل کنٹرول روم کے آپریشن کمانڈر ہو ں گے۔

اجلاس میں بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ پنجاب میں 2لاکھ 28ہزار سے زائد کورونا ٹیسٹ کئے جا چکے ہیں، پنجاب میں کورونا مریضوں کے لئے بیڈز یا سہولیات کی کوئی کمی نہیں،اجلاس میں بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ صوبہ بھر میں کورونا مریضوں کے لئے مختص ایک ہزار سے زائد بیڈ ابھی تک خالی ہیں ،کورونا اخراجات سے متعلق اعدادوشمار محکمانہ ویب سائٹ پر میسر ہیں۔

اجلاس میں گفتگو کرتے ہوئے وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا کہ وفاق سے 1500 وینٹی لیٹر فراہم کرنے کی درخواست کی جائے گی،میسر وسائل میں کورونا سے بچاؤ کے لئے بہترین اقدامات کئے جا رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ریسٹورنٹس،کیفے وغیرہ کھولنے سے متعلق وفاق کی ہدایات پر عمل کیاجائے گا،کورونا کے کسی مریض کو سرکاری ہسپتال میں کسی قسم کی دقت کا سامنا نہیں ہونا چاہیے۔

صوبائی وزراء عبدالعلیم خان،راجہ بشارت، یاسمین راشد،میاں اسلم اقبال، چیف سیکرٹری،سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو،ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ،آئی جی،سیکرٹری پرائمری ہیلتھ، سیکرٹریز خزانہ واطلاعات،کمشنر لاہورنے شرکت کی۔