حکومت یورپی یونین کے شراکت داروں کے ساتھ روابط کو فروغ دینے، جی ایس پی پلس سے متعلق اقوام متحدہ کے کنونشنز پر عملدرآمد کرتی رہے گی؛وزیراعظم عمران خان

129

 اسلام آباد ، 12 مئی (اے پی پی):وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ حکومت عوام کی سماجی و اقتصادی حالت بہتر بنانے کے لئے یورپی یونین کے شراکت داروں کے ساتھ روابط کو فروغ دینے اور جی ایس پی پلس سے متعلق اقوام متحدہ کے کنونشنز پر عملدرآمد کرتی رہے گی۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کو یہاں ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں وفاقی وزیر انسانی حقوق ڈاکٹر شیریں مزاری، وزیراعظم کے مشیر برائے تجارت عبدالرزاق داﺅد، وزیراعظم کے مشیر برائے موسمیاتی تبدیلی ملک امین اسلم، اٹارنی جنرل خالد جاوید خان، وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے سمندر پار پاکستانیز سید ذوالفقار عباس بخاری اور اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔

سیکرٹری ٹریٹی ایمپلی مینٹیشن سیل جاوید اکبر بھٹی نے اجلاس کو پاکستان، یورپی یونین کے درمیان موجودہ تجارتی صورتحال اور پائیدار سماجی و اقتصادی ترقی اور بہتر نظم و نسق کے مشترکہ مقصد کے فروغ کے لئے جی ایس پی پلس کے اثرات کے بارے میں بتایا۔ وزیراعظم کو انسانی حقوق، بچوں و خواتین کے حقوق اور دیگر معاملات کے حوالے سے اقوام متحدہ کے مختلف کنونشنز پر عملدرآمد کی صورتحال پر پیش رفت کے بارے میں آگاہ کیا گیا۔

 اجلاس میں بلین ٹری سونامی منصوبے، احساس پروگرام، کرتارپور راہداری کھولنے، سابق فاٹا کے علاقہ کی سماجی و اقتصادی ترقی کے لئے عملی اقدامات، انسانی حقوق سے متعلق قومی لائحہ عمل پر عملدرآمد، تشدد کی روک تھام، قومی چائلڈ لیبر سروے کے آغاز، بچوں سے مشقت سے متعلق قوانین پر عملدرآمد، خواتین، بچوں اور خواجہ سراﺅں کے تحفظ کے لئے قوانین کی منظوری اور بدعنوانی کے انڈیکس کے حوالے سے ٹرانسپرنسی انٹرنیشنل میں پاکستان کی درجہ بندی کی بہتری سمیت موجودہ حکومت کے بعض اہم اقدامات کو یورپی یونین کی طرف سے تسلیم کئے جانے پر اطمینان کا اظہار کیا گیا۔ وزیراعظم کو جی ایس پی پلس کے اگلے جائزے کے لئے تیاری سے متعلق آگاہ کیا گیا۔

 اس موقع پر وزیراعظم نے اب تک کی پیش رفت پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے پاکستان کے لئے جی ایس پی پلس درجہ جاری رکھنے کے یورپی یونین کے فیصلے کو سراہا جس سے ملکی برآمدات کو بڑھانے اور یورپی یونین کے رکن ممالک کے ساتھ پاکستان کے تعلقات کو مزید بہتر بنانے میں مدد ملی ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ جی ایس پی پلس درجے سے منسلکہ اقوام متحدہ کے 27 کنونشنز ہماری آئینی ذمہ داریوں کے عین مطابق ہیں اور پیپلزپارٹی کے عوامی ایجنڈا کے عین مطابق ہیں، اس لئے حکومت پاکستان عوام کی سماجی و اقتصادی حالت کو بہتر بنانے کے لئے یورپی یونین کے شراکت داروں کے ساتھ رابطے کے فروغ کے لئے اقدامات اور کنونشنز پر عملدرآمد جاری رکھے گی۔

 وزیراعظم نے کہا کہ موجودہ حکومت بچوں سے زیادتی اور بچوں سے مشقت کے معاملے پر کسی قسم کی رعایت نہ برتنے کی پالیسی پر عمل پیرا ہے۔ انہوں نے معاشرے کے کمزور ترین طبقات کے تحفظ کے لئے ہر ممکن اقدامات کرنے کے حکومت کے عزم کا اعادہ کیا۔

 اجلاس میں وزیراعظم نے مشیر برائے موسمیاتی تبدیلی کو ہدایت کی کہ صوبائی حکومتوں کی مشاورت سے ویسٹ مینجمنٹ سے متعلق قومی پالیسی کی تیاری کا عمل تیز کیا جائے۔

اے پی پی/عمار/حامد