سکھر میں بھی عیدالفطر مذہبی جوش و جذبہ کیساتھ منائی جارہی

254

سکھر،24مئی(اے پی پی): ملک بھر کی طرح سکھر میں بھی اتوارکے روز عیدالفطر مذہبی جوش و جذبے کے ساتھ منائی گئی،کورونا وائرس کے پیش نظرکئی جگہوں پر نماز عید کے موقع پر حکومت کی جانب سے عائد کردہ ایس او پیز کا خیال رکھا گیا، دن کا آغاز نماز فجر کے وقت اللہ عزو جلالہ کی عظمت وکبریائی کے اظہار کیلئے باآواز بلند پڑھی جانیوالی تلبیہ اور تسبیحات پڑھنے کے اہتمام سے کیا گیا، عید عیدالفطر کے موقع پر عید گاہ، مساجد، جناح میونسپل اسٹیڈیم، ریلوے گراؤنڈ، پبلک اسکول ،ملٹری روڈ، مرکزی جامع مسجد، منزل گاہ گراؤنڈ، مرکزی امام بارگاہ سمیت ضلع بھر میں 230 سے زائد مختلف چھوٹے بڑے مقامات پر نماز عید کے اجتماعات منعقد ہوئے۔

سکھر میں نماز عید کا سب سے بڑا اجتماع مرکزی گلشن عید گاہ سکھر میں منعقد ہوا جہاں مولانا محمد اسعد تھانوی کی زیر امامت شہر کے ہزاروں افراد نے نماز عید ادا کی۔ایم پی اے، صوبائی وزیر ٹرانسپورٹ سید اویس شاہ نے منزل گاہ گراؤنڈ میں نماز عیدالفطر ادا کی،اسلام الدین شیخ، میئر سکھر ارسلان اسلام شیخ اور رکن قومی اسمبلی نعمان اسلام شیخ سمیت دیگر ممتاز شخصیات نے مرکزی گلشن عید گاہ میں نماز عید ادا کی، علاوہ ازیں نماز عید کے اجتماعات کے خطبات میں آئمہ مساجد و خطباءنے اسلام دشمن قوتوں کے خلاف امت مسلمہ کے اتحاد و یکجہتی کی ضرورت پر زور دیا اور تمام مکاتب فکر کے لوگوں سے عید کے اہم دن کے موقع پرباہمی احترام، مذہبی رواداری کی تلقین کی۔

 نماز عید کے اجتماعات میں ملکی سلامتی، استحکام، ترقی و خوشحالی، اسلام کی سربلندی، دنیا ئے عالم سے کورونا وائرس کی وباءکے خاتمہ، کورونا وائرس اور جہاز حادثہ میں جانبحق ہونیوالوں کی مغفرت و بلندی درجات،زخمیوں کی صحت یابی ، مقبوضہ کشمیر کی آزادی، بھارت کشمیر میں مسلمانوں کے تحفظ سمیت عالم اسلام کیلئے خصوصی دعائیں مانگی گئیں۔

نماز عید کے موقع پر سیکیورٹی کے انتہائی سخت حفاظتی انتظامات اٹھائے گئے تھے، مرکزی عید گاہ، مساجد، امام بارگاہوں اور عید کی نماز کے مقامات پر پولیس اور رینجرز اہلکاروں کو تعینات کیا گیا تھا۔

وی این ایس، سکھر