ضلع وہاڑی میں عید الفطر کےموقع  پر  سکیورٹی انتظامات کے لیے پلان جاری

163

بورے والا، 22 مئی (اے پی پی):ضلع وہاڑی میں عید الفطر کےموقع  پر  فول پروف سکیورٹی انتظامات کے لئے پلان جاری کردیا گیا۔سیکورٹی ہائی الرٹ،عید الفطر کے 468 اجتماعات  پر1669کے قریب پولیس افسران، لیڈی پولیس، قومی رضا کاران،اور والنٹیر فرائض سر انجام دیں گے۔عید کے موقع جرائم پیشہ عناصر، ہلڑ بازی اور ہوائی فائرنگ کے انسداد کے لئے بھی خصوصی ٹیمیں تشکیل دے دی گئیں۔

اس حوالے سے ڈسٹرکٹ پولیس آفیسراحسان اللہ چوہان نے کہا کہ عیدالفطر کے موقع پر عوام کی جان و مال کی حفاظت اور امن و امان کی صورتحا ل کو برقرار رکھنے کے لئے مربوط سکیورٹی انتظامات مکمل کر لئے گئے ہیں،شہریوں کی جان و مال کی حفاظت کے لئے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔ڈی پی او  نے تفصیلات بتاتے ہوئے کہا  عید کے بڑے اجتماعات پر واک تھرو گیٹ بھی نصب کیے جائیں گے۔اس کے علاوہ پولیس لائنز وہاڑی  میں ہر قسم کی ایمرجنسی سے نمٹنے کے لئے ایک کنٹرول روم بھی قائم کیا گیا ہے جہاں پر تعینات آفیسرز تین شفٹوں میں 24گھنٹے عیدالفطر کی سکیورٹی کی مانیٹرنگ کریں گے اور رپورٹ سے متعلق اعلیٰ افسران کوآگاہ رکھیں گے۔

علاوہ ازیں ان ڈیوٹیوں کی چیکنگ کے لئے3سرویلینس وین اور 8ویجیلنس ٹیمیں بھی تشکیل دی گئی ہیں جبکہ چاند رات کے موقع پر بازاروں میں رش بڑھنے کے سدباب کے لئے ضلع کے 13مقامات پر ناکہ بندی پوائنٹس قائم کئے گئے ہیں جبکہ ٹریفک کی روانی کو برقرار رکھنے کے لئے خصوصی انتظامات و روٹ پلانز جاری کردئیے گئے ہیں۔

ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر وہاڑی احسان اللہ چوہان نے ضلع بھر کے ڈی ایس پیز اور ایس ایچ اوز کو خصوصی ہدایات دیتے ہوئے کہا کہ اشتہاریوں اور فورتھ شیڈول کی نقل و حرکت کی نگرانی، اسلحہ کی نمائش اور لاؤڈ سپیکر کے بے جا استعمال کی خلاف ورزی کرنے والوں کےخلاف قانونی کارروائی کی جائے گی۔انہوں نے مزید کہا کہ ڈیوٹی میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی اور جب تک عید الفطرکی نماز پڑھ کر آخری نمازی چلا نہ جائے تب تک سکیورٹی اہلکار ڈیوٹی پر موجود رہیں گے  ۔اسی طرح بازار، پر ہجوم پلازہ جات،اہم چوک، تفریحی پارکوں اور قبرستان کی سکیورٹی کو بھی کسی صورت نظر انداز نہیں کیا جائے گا۔ ڈی پی او نے آگاہ کیا کہ امن و امان کو قائم رکھنا اور عوام کی جان و مال کی حفاظت اولین ترجیح ہے۔

اے پی پی /اصغر علی جاوید/قرۃالعین