قومی، معاشرتی مسائل اجاگر کرنے کیلئے میڈیا اپنا کردار ادا کرے:صدر ڈاکٹر عارف علوی

175

 

اسلام آباد ، 28 مئی (اے پی پی): صدر ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ قومی تعمیر اور معاشرتی اقدار کے فروغ کےلئے میڈیا کا کردار اہم ہے، معاشرتی مسائل اجاگر کرنے کےلئے میڈیا اپنا کردار ادا کرے۔

جمعرات کو یہاں ایوان صدر میں  صدر مملکت سے وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات سیّد شبلی فراز اور وزیراعظم کے معاون خصوصی لیفٹیننٹ جنرل (ر) عاصم سلیم باجوہ نے  ملاقات کی۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے صدر مملکت نے کہاکہ قومی تعمیر اور معاشرتی اقدار کے فروغ کےلئے میڈیا کا کردار انتہائی ضروری ہے، صحت، تعلیم اور خواتین کے وراثت کے حقوق جیسے معاشرتی امور  اجاگر کرنے میں بھی میڈیا کا کردار اہم ہے۔

 صدر مملکت نے کہا کہ معاشرتی مسائل پر عوامی شعور اجاگر کرنے کیلئے میڈیا اپنا کردار ادا کرے، سوشل میڈیا تبدیلی کا اہم عنصر ہے۔ صدر مملکت نے کہا کہ سوشل میڈیا کو معاشرے میں قومی جذبے اور ہم آہنگی کو فروغ دینے کےلئے استعمال کرنے کی ضرورت ہے