ملتان؛کورونا وائرس بچاﺅ ایس او پیز پر عمل نہ کرنے والے تاجروں کےخلاف سخت کارروائی کا فیصلہ

106

 

ملتان،14مئی (اے پی پی):مارکیٹوں میں کورونا وائرس سے بچاﺅ کے ایس او پیز پر عمل نہ کرنے والے تاجروں کےخلاف کارروائی کا فیصلہ کر لیا گیا ہے اور ڈپٹی کمشنر عامرخٹک نے تمام اسسٹنٹ کمشنرز کو ایس او پیز پر عملدرآمد یقینی بنانے کا حکم دے دیا ہے۔

ڈپٹی کمشنر عامر خٹک نے کہا ہے کہ اسسٹنٹ کمشنرز اپنے علاقوں میں آج سے مارکیٹوں اور بازاروں کا دورہ  کریں،کورونا وائرس سے بچاو کی تدابیر پر عمل نہ کرنیوالوں کے خلاف سخت کارروائی کریں،حکومتی احکامات پر عملدرآمد کے لئے طاقت کے استعمال سے بھی گریز نہ کیا جائے۔ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ کسی کو اپنا کاروبار چمکانے کے لئے انسانی جانوں کو خطرے میں ڈالنے کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔ایک دن میں صوبے میں بڑی تعداد میں کورونا وائرس کے کیس رپورٹ ہونے پر حکومت کوسخت تشویش ہے۔تاجروں کو احتیاطی تدابیر کے حوالے اپنی ذمہ داری نبھانا ہوگی۔

عامر خٹک نے کہا کہ اگر کسی مارکیٹ سے کورونا وائرس کا پازیٹیو کیس نکل آیا تو اسے سیل کردیا جائے گا۔ڈپٹی کمشنر نے اس سلسلہ میں پاک فوج، ضلعی انتظامیہ اور پولیس کے اشتراک سے فلیگ مارچ منعقد کرنے کا بھی فیصلہ کیا۔

اے پی پی/ملتان/حامد