ملتان؛ ٹڈی دل کےحملہ کے پیش نظر ڈپٹی کمشنر عامر خٹک نے محکمہ زراعت میں الرٹ جاری کر دیا

125

ملتان،15مئی(اے پی پی):جنوبی پنجاب میں  ٹڈی دل کے حملہ کے پیش نظر ڈپٹی کمشنر عامر خٹک نے محکمہ زراعت میں الرٹ جاری کر دیا ہے۔ محکمہ زراعت کے افسران کی جانب سے ضلع بھر میں مانیٹرنگ شروع کر دی گئی ہے جبکہ پاک فوج کی طرف سے  بھی ٹڈی دل بارے  کراس مانیٹرنگ جاری ہے۔

محکمہ زراعت توسیع کے ڈپٹی ڈائریکٹر میاں منظور احمد نے ڈپٹی کمشنر عامر خٹک کو رپورٹ پیش کردی ہے۔رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ٹڈی دل سے ضلع  ملتان میں فصلوں کو کوئی نقصان نہیں پہنچا،ٹڈی دل کے غول گزشتہ روز دوپہر ساڑھے بارہ بجے  جلالپورپیر والا کی حدود  میں داخل ہوئے اور تین گھنٹے بعد  دن  ساڑھے تین بجے جلال پور پیروالا کی حدود کراس کرکے بہالپور میں داخل ہو گئے،رپورٹ کے مطابق غول یونین کونسل غازی پور،علی پور سادات،عنایت پور اور دراب پور کراس کرکے ضلع  بہاولپور داخل ہوئے،کپاس کی فصل ابھی بوائی کے مراحل میں ہے،اس لئے سبزہ نہ ملنے کی وجہ سے ٹڈل دل کے غول آگے بڑھ گئے ہیں،رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ محکمہ زراعت کے تحصیل فوکل پرسنز کو  مانیٹرنگ کے لئے الرٹ کر دیا گیا ہے۔

اے پی پی/ملتان/حامد