وزیر اعظم عمران خان نے ٹائگر فورس سندھ کا انتظام گورنر سندھ کو سونپنے کی منظوری دے دی

161

 

اسلام آباد،20 مئی (اے پی پی ): وزیراعظم عمران خان نے سندھ کے ایک لاکھ چون ہزار (154000) ٹائیگر فورس کے معاملات کے انتظام کی ذمہ داری گورنر سندھ کو سونپنے کی منظوری دے دی ہے۔

یہ منظوری  وزیر اعظم عمران خان کی جانب سے بدھ کو یہاں معاون خصوصی برائے امور نوجوانان عثمان ڈار  کی وزیراعظم سے ملاقات کے دوران دی گئی۔

 ملاقات میں عثمان ڈار  نے کورونا ریلیف ٹائیگر فورس کی ہفتہ وار رپورٹ وزیر اعظم کو پیش کی، وزیر اعظم کو بتایا گیا کہ اس وقت ایک لاکھ پندرہ ہزار ٹائیگرز، ریلیف سرگرمیوں کے حوالے سے ذمہ داریاں سرانجام دے رہے ہیں۔ ان میں سے پنجاب میں 93000، خیبر پختونخواہ میں 19000, بلوچستان میں 1500 جبکہ دیگر مخلتف حصوں میں ذمہ داریاں انجام دے رہے ہیں۔

 ملاقات میں وزیر اعظم کی جانب سے کورونا ریلیف ٹائیگر فورس کی ہفتہ وار رپورٹ پر اطمینان کا اظہار کیا گیا اور ہدایت کی گئی کہ آئندہ چند روز خصوصا عید کے تہوار کے حوالے  سے ٹائیگرز کو ذمہ داریاں سونپی جائیں گی۔