وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے امور نوجوانان عثمان ڈار اور چیف سیکرٹری پنجاب جواد رفیق ملک کی زیر صدارت اجلاس

134

لاہور، 31مئی(اے پی پی):وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے امور نوجوانان عثمان ڈار اور چیف سیکرٹری پنجاب جواد رفیق ملک کی زیر صدارت کیمپ آفس میں اجلاس ہوا،اجلاس میں صوبے کے تمام اضلاع میں ٹائیگر فورس کی کارکردگی، افادیت کاجائزہ لیا گیا۔

 اجلاس میں گفتگو کرتے ہوئےوزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے امور نوجوانان عثمان ڈار نے کہا کہ پنجاب میں ساڑھے چھ لاکھ سے زائد ٹائیگر فورس کے رضا کار خدمات سر انجام دے رہے ہیں، کورونا وائرس کی روک تھام کیلئے ایس او پیز پر عملدرآمداورپرائس کنٹرول کے حوالے سے رضاکاروں کی کارکردگی کے حوصلہ افزاء نتائج بر آمد ہوئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ٹائیگر فورس کے قیام سے عوام اور انتظامیہ کے مابین رابطہ مضبوط کرنے میں مدد ملی ہے،رضاکاروں کی خدمات کا دائرہ کار بڑھانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

اس موقع پر چیف سیکرٹری پنجاب نے کہا کہ ٹائیگر فورس کار آمد ہیومن ریسورس ہے،رضاکاروں کی خدمات سے بھرپور فائدہ اٹھایا جائے۔انتظامی افسران نے اپنے اپنے علاقوں میں ٹائیگر فورس کی کارکردگی اور افادیت کے بارے میں  آگاہ کیا۔

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ رضاکاروں کو شجرکاری، انسداد ڈینگی اور پولیو مہم کے دوران بھی فرائض تفویض کئے جائیں گے جبکہ ممکنہ سیلاب سے نمٹنے کیلئے انتظامات، ٹڈی دل کی سرویلنس، ٹریفک وارڈنز کی مدد اور دیگر امور میں انتظامیہ کی معاونت کیلئے بھی ٹائیگر فورس کی خدمات سے استفادہ کیا جاسکے گا۔ اجلاس میں بہترین خدمات انجام دینے والے رضا کاروں کو تعریفی سرٹیفکیٹ دینے کی تجویز بھی دی گئی،جس حوالے سے کنونشن سینٹر اسلام آباد میں باقاعدہ تقریب منعقد کی جائیگی جہاں وزیراعظم رضا کاروں میں تعریفی سرٹیفکیٹ تقسیم کریں گے۔

اجلاس میں کمشنر لاہور ڈویژن اور متعلقہ افسران ،ڈویژنل کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز ویڈیو لنک کے ذریعے شریک ہوئے۔

وی این ایس،لاہور