بورے والا: پولیس کاروائی کے دوران مختلف وارداتوں میں ملوث 3 گروہ گرفتار،45 لاکھ روپے مالیت کا سامان برآمد

161

بورے والا،31 مئی(اے پی پی):تحصیل  بورے والا میں تھانہ صدر پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے ڈکیتی، چوری اور راہزنی جیسی سنگین وارداتوں میں ملوث جرائم پیشہ افراد پر مشتمل تین گروہ گرفتار کے لیے۔ملزمان کے قبضہ سے وارداتوں میں لوٹے ہوئے 45 لاکھ روپے مالیت کے طلائی زیورات،نقدی ،موٹر سائیکل اور دیگر قیمتی سامان سمیت  مختلف وارداتوں میں استعمال ہونے والا بھاری مقدار میں جدید اسلحہ بھی برآمد کر لیا گیا۔

 ایس ایچ او تھانہ صدر چوہدری طفیل گجر کے ہمراہ پریس کانفرنس کے دوران اے ایس پی سرکل بورے والا ڈاکٹر عزیر احمد نے بتایا کہ  گرفتار کئے گئے تینوں گروہ عرصہ دراز سے گھروں اور شاہراہوں پر ڈکیتی و راہزنی جیسی وارداتوں میں ملوث تھے جنکی گرفتاری کے لئے ڈی پی او وہاڑی کی ہدایت پر خصوصی ٹیم تشکیل دی گئی تھی ۔اس ٹیم نے جدید تکنیکی آلات کی مدد سے انکا سراغ لگا کر انہیں گرفتار کیا  جبکہ ملزمان دیگر اضلاع کی وارداتوں میں بھی ملوث تھے جسکی تفتیش ابھی جاری ہے اور اہم انکشافات متوقع ہیں۔

اے ایس پی ڈاکٹر عزیر احمد نے کہا کہ امن و امان خراب کرنے والے  اورعوام کی جان و مال کے دشمنوں کو کسی صورت نہیں چھوڑا جائے گا، پولیس کی ذمہ داری عوام کے جان و مال کاتحفط اور امن و امان برقرار رکھنا ہے جس میں پولیس اپنے وسائل میں رہتے ہوئے ان جرائم پیشہ افراد کے خلاف کارروائیاں کررہی ہے ۔ انشاء اللہ معاشرے کے یہ ناسور کبھی بھی قانون کی گرفت سے نہیں بچ پائیں گے ۔

اس کے علاوہ   بر آمد  ہونے والی  موٹر سائیکلیں ،زیورات اور نقدی اصل مالکان کے حوالے  کر دی  گئیں۔

وی این ایس ،بورے والا