اسلام آباد ، 9 مئی (اے پی پی): وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ کورونا وائرس کے پھیلاﺅ کے حوالے سے پاکستان میں حالات دنیا کے دیگر ممالک کے مقابلے میں قابو میں ہیں، احتیاطی تدابیر اختیار کرنے اور عوام میں اعتماد پیدا کرنے سے صورتحال میں نمایاں بہتری آ سکتی ہے۔ عوام اگر کورونا وائرس کی علامات محسوس کریں تو فوری اور بلا خوف ٹیسٹ کے لئے رجوع کریں۔
ان خیالات کا اظہار وزیر اعظم عمران خان نے نیشنل ہیلتھ ٹاسک فورس کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ عوام میں آگاہی مہم شروع کرنے کے لئے اقدامات کئے جانے چاہیں اور اس حوالے سے جلد ایک حکمت عملی وضع کی جائے۔
صوبائی وزراءصحت نے اپنے صوبوں میں کورونا وائرس کی صورتحال، ہسپتالوں میں مریضوں کی دیکھ بھال، ڈاکٹروں اور طبی عملے کی حفاظت و سہولت کے اقدامات اور کورونا ٹیسٹنگ کی استعداد میں اضافے کے حوالے سے شرکاءکو آگاہ کیا۔
وزیراعظم کے فوکل پرسن برائے کوویڈ19 ڈاکٹر فیصل نے ملک کے مختلف صوبوں اور علاقوں میں کورونا وائرس کے متاثرین کے اعدادوشمار، شرح اموات اور کیسز کے تناسب کے حوالے سے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ پاکستان ، دوسرے ممالک کی نسبت کورونا وائرس سے کم متاثر ہوا ہے۔ شرکاءکو آگاہ کیا گیا کہ مارچ کی نسبت کورونا وائرس کی ٹیسٹنگ لیبز کی تعداد کو 4 سے بڑھا کر 63 تک لے جایا جا چکا ہے۔
صوبائی وزیر صحت پنجاب ڈاکٹر یاسمین راشد نے ہوم قرنطینہ کے حوالے سے اقدامات پر بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ کہ اس حوالے سے جلد باضابطہ لائحہ عمل کا اعلان کر دیا جائے گا۔
وزیراعظم نے موجودہ صورتحال کے حوالے سے عوام الناس میں بھرپور آگاہی اجاگر کرنے کی ضرورت پر زور دیا اور کہا کہ بحیثیت فرد اور بحیثیت ذمہ دار شہری، ہم سب کی ذمہ داری ہے کہ اگر کوئی فرد کورونا وائرس سے متاثر ہو گیا ہے تو اس کے ساتھ نہایت ذمہ داری سے پیش آئیں۔ وزیراعظم نے کورونا وائرس کے متاثرین کے ساتھ ناروا سلوک روا رکھنے کے واقعات کی رپورٹ کے حوالے سے نہایت افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ طرز عمل ناقابل برداشت ہے اور خوف کا موجب بنتا ہے۔
اجلاس میں وزیراعظم کے فوکل پرسن برائے کوویڈ19 ڈاکٹر فیصل بھی سمیت چیئرمین نیشنل ہیلتھ ٹاسک فورس ڈاکٹر نوشیروان برکی، معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا، صوبائی وزیر صحت پنجاب ڈاکٹر یاسمین راشد، صوبائی وزیر صحت خیبر پختونخواہ تیمور سلیم جھگڑا اور سینئر افسران نے ویڈیو لنک کے ذریعے شرکت کی۔
اے پی پی /ڈیسک /قرۃالعین











