بلاول زرداری سندھ پر توجہ دے ،خیبر پختونخوا میں کرونا صورتحال قابو میں ہے: اجمل وزیر

133

پشاور، 7 جون(اے پی پی): وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کے مشیر برائے اطلاعات و تعلقاتِ عامہ اجمل خان وزیر نے کہا ہے کہ بلاول زرداری سندھ پر توجہ دے ،خیبر پختونخوا میں کرونا صورتحال قابو میں ہے اور کورونا سےصحتیابی کی شرح سندھ سے کافی بہتر ہے۔ خیبر پختونخوا میں عالمی ادارہ صحت کی گائیڈ لائنز کے مطابق کیسز کی رپورٹنگ ہورہی ہے۔

سول سیکرٹریٹ اطلاع سیل میں میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ صوبے میں کورونا سے جاں بحق افراد کی میتیں اب لواحقین کو حوالہ کی جارہی ہیں، فوت ہونے کے بعد جن لوگوں کے نتائج مثبت آتے ہیں انہیں بھی کورونا لسٹ میں شامل کیا جاتاہے۔

اجمل وزیر کا کہنا تھا کہ خیبر پختونخوا میں کورونا کیسز چھپائے نہیں جارہے ہیں، ابتداء میں صوبے میں کورونا کی ٹیسٹنگ استعداد صرف 20 تھی جو اب تقریبا 2800 تک پہنچائی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کو یہ ہضم نہیں ہورہا ہے کہ عمران خان کی قیادت میں ہم کورونا کے خلاف کامیابی سے آگے بڑھ رہے ہیں۔

مشیر برائے اطلاعات اجمل خان وزیر نے کہا سندھ حکومت خلوتوں میں کچھ اور جلوتوں میں کچھ اور کہتی ہے، وزیر اعظم عمران خان کی قیادت میں قومی رابطہ کمیٹی اجلاس میں سب سے زیادہ وقت وزیراعلی سندھ کو دیا جاتا ہے جسکا میں خود اور چاروں صوبوں کے وزرائے اعلیٰ سمیت آزاد کشمیر کے وزیراعظم بھی گواہ ہیں لیکن انکی منطق سمجھ نہیں آتی کہ باہر آکر یہ کیوں بے جا تنقید شروع کردیتے ہیں۔

اجمل وزیر نے ہسپتالوں کو حفاظتی سامان کی فراہمی کے بارے میں کہا کہ صوبہ بھر کے 49 ہسپتالوں کے طبی عملے کو کورونا وائرس سے نمٹنے کیلئے حفاظتی سامان کی ساتویں کھیپ مہیاکر دی گئی ہے، جس میں52ہزار 315 این 95 ماسک، 26ہزار522کے این 95 ماسک، چار لاکھ تیس ہزار سرجیکل فیس ماسک، 7ہزار 925 حفاظتی سوٹ، 18ہزار244 سرجیکل گاونز، 10ہزار330 سرجیل دستانے، 21ہزار 185 کیپس، 21ہزارشوز کور، 3ہزار475 فیس شیلڈز، ایک ہزار115 حفاظتی عینکیں، شامل ہیں، ہسپتالوں میں سامان کی تقسیم این ڈی ایم اے کے وضع کردہ طریقہ کار کے مطابق کی گئی ہے۔

اجمل وزیر نے مزید کہا کہ 3000 فیس ماسک اور 1500 پرسنل حفاظتی کٹس ریسکیو 1122 کو بھی مہیا کی گئی ہیں۔ اسی طرح مجموعی طور پر صوبائی حکومت 12 لاکھ 39 ہزار فیس ماسک، 1 لاکھ 90 ہزار دستانے، 16325 حفاظتی کٹس ، 159302 حفاظتی سوٹ، 85 ہزار این 95 ماسک سمیت دیگر ضروری سامان متعلقہ اداروں کو بھیج چکی ہے۔

مشیر اطلاعات نے مزید کہا کہ ‎صوبے میں آٹے کی مصنوعی قلت پیدا کرنے والوں کے خلاف ضلعی انتظامیہ ایکشن میں ہے۔ مصنوعی مہنگائی پیدا کرنے والوں کے خلاف سخت ایکشن لیا جارہا ہے،مقررہ نرخ سے زیادہ ریٹ پر آٹا فروخت کرنے والوں کے خلاف انتظامیہ اور محمکہ خوراک دونوں کا کریک ڈاون جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعلی محمود خان کے واضح احکامات ہیں کہ مصنوعی مہنگائی پیدا کرنے والوں کے خلاف سخت ایکشن لیا جائے۔

 اجمل وزیر کا کہنا تھا کہ پٹرول کی مصنوعی قلت اور ایس او پیز پر عمل درآمد نہ کرنے والوں کے خلاف بھی صوبہ بھر میں کارروائیاں جاری ہیں۔

انہوں نے انسدادِ ٹڈی دل کے لیے حکومتی اقدامات کے بارے میں کہا کہ صوبے میں ٹڈی دل کے خاتمے کے لئے محکمہ زراعت،ریلیف اورضلعی انتظامیہ ایکشن میں ہے،جنوبی اضلاع سمیت تمام متاثرہ علاقوں میں اسپرے کا انتظام کیا گیا ہے،وزیراعلی محمود خان بیک وقت کورونا اور ٹڈی دل کے خاتمے کے انتظامات خود مانیٹر کررہے ہیں اور محمکہ ریلیف سے ٹڈی دل کے خاتمے کے لئے روزانہ بریفنگ لے رہے ہیں۔

اوورسیز پاکستانیوں کی وطن واپسی کے بارے میں انہوں نے کہا کہ اپوزیشن اوورسیز کی فکر نہ کرے وہ وزیراعظم عمران خان کے دل کے قریب ہیں۔ باچا خان انٹر نیشنل ائیرپورٹ سے اوورسیز کی آمد کا سلسلہ جاری ہے۔یکم فروری سے 20 مارچ تک 478 ریگولر پروازوں کے ذریعے 81ہزار524 مسافر پشاور ائیرپورٹ پر پہنچے تھے جن کی اسکریننگ کی گئی ہے جبکہ 15 اپریل سے 28 مئی تک 23 خصوصی پروازوں کے زریعے کل 4675 مسافر پشاور ائیرپورٹ پہنچے ہیں۔اسی طرح خصوصی پروازوں کے زریعے باہر ممالک سے اوورسیز کی میتیں  بھی لائی جارہی ہیں۔

وی این ایس ، پشاور