معاشرے کے کمزور طبقات کو درپیش مشکلات کو مدنظر رکھتے ہوئے لاک ڈاﺅن میں نرمی کا فیصلہ کیا ہے: وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا

126

 

پشاور،2 جون (اے پی پی): وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے کہا ہے کہ نیشنل کوآرڈینیشن کمیٹی کے گزشتہ اجلاس میں کئے گئے فیصلوں کی روشنی میں صوبے میں کاروباری سرگرمیوں، بازاروں اور دکانوں کوایس او پیز کے تحت صبح سے لیکر شام 7 بجے تک کھلا رکھنے کافیصلہ کیا گیا ہے ،اب ہفتے میں تین دن کی بجائے صرف دو دن یعنی ہفتہ اور اتوار کو لاک ڈاؤن ہوگا۔ معاشرے کے کمزور طبقات کو درپیش مشکلات کو مدنظر رکھتے ہوئے لاک ڈاﺅن میں نرمی کا فیصلہ کیا ہے۔

وزیراعلیٰ سیکرٹریٹ پشاور میں کورونا وباءکے حوالے سے حکومتی اقدامات اور آئندہ کے لائحہ عمل کے حوالے سے پر یس کانفرنس سے خطاب کر تے  ہوئے  وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ  ہم نے نہ صرف کورونا وباءسے نمٹنا ہے بلکہ وزیر اعظم  عمران خان کے ویژن کے مطابق کمزور طبقے کا خیال بھی رکھنا ہے ، ہمیں کورونا کے ساتھ جینے کا ڈھنگ سیکھناہے۔ ہم بیک وقت دو محاذوں پر برسر پیکار ہیں، ایک طرف کورونا وباءسے نمٹنا ہے تو دوسری طرف معاشرے کے کمزور طبقے کو بھوک اور افلاس سے بھی بچانا ہے ۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ ایس او پیز کے تحت بین الاضلاع ٹریفک کوبھی کھولنے پر کام ہو رہا ہے جس کے لئے ٹرانسپورٹرز سے مذاکرات ہو رہے ہیں جبکہ سیاحت کے شعبے کو کھولنے کیلئے بھی ایس او پیز تیار کی جارہی ہیں۔ عوام اپنی اور دوسروں کی جان بچانے کیلئے احتیاطی تدابیر پر سختی سے عمل کریں۔ تاجر برادری ، کاروباری حضرات اور ٹرانسپورٹر ز بھی حکومت کی طرف سے جاری کردہ ایس او پیز پر عمل درآمد یقینی بنائیں۔ ایس او پیز پر عملدرآمد کی کی سخت نگرانی کی جائے گی ، عملدرآمد نہ ہونے کی صورت میں متعلقہ کاروبار کو دوبارہ بند کردیا جائیگا ۔

کورونا کی وجہ سے بیرون ملک پھنسے پاکستانیوں کو درپیش مشکلات اور ان مشکلات کے حل کے لئے حکومتی اقدامات کا تذکرہ کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہا کہ اورسیز پاکستانی ہمارے بھائی ہیں، انہیں درپیش مشکلات کا ہمیں بھر پور احساس ہے ، جن کا ازالہ حکومت کی ذمہ داری ہے ۔ خلیجی ممالک میں پھنسے خیبرپختونخو اکے باشندوں کو وطن واپس لانے کیلئے ہر سطح پر کوششیں ہو رہی ہیں۔ سعودی عرب سے پشاور کیلئے پروازیں بحال کر دی گئی ہیں جبکہ شہید ہونے والوں کےجسد خاکی واپس لانے کیلئے خصوصی طیارے بھی بھیجے جارہے ہیں۔اس سلسلے میں ذاتی دلچسپی لینے پر انہوں نے وزیراعظم پاکستان عمران خان ، وفاقی وزیر مراد سعید اور وزیراعظم کے معاون خصوصی ذولفقار بخاری کا شکریہ ادا کیا ۔

محمود خان نے واضح کیا کہ لاک ڈاﺅن میں نرمی حکومت کی طرف سے جاری کر دہ ایس او پیز اور گائیڈ لائنز پر عمل درآمد سے مشروط ہے ۔ حکومت عوام کی جانیں بچانے کیلئے ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے ۔ اُنہوں نے موجودہ صورتحال میں ڈاکٹروں اوردیگر طبی عملے کی فرنٹ لائن خدمات کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ کورونا سے شہید ہونے والے ڈاکٹر ز اور دیگر عملے بھی ہمارے ہیرو ہیں، ان کی قربانیوں اور خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائیگا اور ان شہداءکے اہل خانہ کی ہر ممکن مدد کی جائے گی ۔

 اس موقع پر وزیراعلیٰ نے بلدیات ، پولیس ، ضلعی انتظامیہ ، میڈیا اور فرنٹ لائن پر خدمات انجام دینے والے دیگر اہلکاروں کے کردار کی بھی تعریف کی۔

اس موقع پر وزیراعلیٰ کے مشیر برائے اطلاعات اجمل وزیر بھی موجود تھے ۔