وزیراعلیٰ پنجاب سردارعثمان بزدارسے چیف سیکرٹری جواد رفیق کی ملاقات، گڈ گورننس کے امور پر تبادلہ خیال

113

 

لاہور،2جون (اے پی پی):وزیراعلیٰ پنجاب سردارعثمان بزدارسے چیف سیکرٹری جواد رفیق نے ملاقات کی،پرنسپل سیکرٹری افتخار علی سہو بھی موجود تھے۔

وزیراعلیٰ آفس میں ملاقات کے دوران صوبے میں گڈ گورننس اورعوام کو بہترین سروسز کی فراہمی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔چیف سیکرٹری نے وزیراعلیٰ کو صوبے میں کورونا،ٹڈی دل،گندم خریداری اوربجٹ کے بارے میں بریفنگ دی۔

چیف سیکرٹری نے وزیراعلیٰ عثمان بزدار کو کورونا اورٹڈی دل کے خاتمے کیلئے کیے جانے والے اقدامات سے آگا ہ کیا اور بتایا کہ پنجاب میں گندم خریداری مہم تسلی بخش رفتارسے جاری ہے۔چیف سیکرٹری نے پنجاب میں آٹے کے نرخ پر کنٹرول کیلئے حکومتی اقدامات سے آگا ہ کیا۔

اس موقع پر وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا کہ آٹے اور دیگر اشیاء ضروریہ کے نرخ میں اضافہ برداشت نہیں کیاجائے گا،نئے مالی سال کے بجٹ میں کوروناکی وجہ سے پیدا ہونے والی اقتصادی صورتحال کو بھی مدنظر رکھا جائے۔

وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے صوبائی امور میں بہتری لانے پر چیف سیکرٹری کی پیشہ وارانہ خدمات کو سراہا۔