ملتان ، 23 جون (اے پی پی ): کورونا وائرس کے بڑھتے ہوئے کیسسز کے پیش نظرکسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لئے پیشگی تیاریاں جاری ، بیڈز اور وینٹی لیٹرز کی تعداد میں ا ضافہ کے لئے ڈپٹی کمشنر نے سرکاری اور پرائیویٹ ہسپتالوں کے دورے شروع کر دیئے ہیں ۔اس حوالے سے ڈپٹی کمشنر عامر خٹک نے نشتر ہسپتال،اولڈ ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹرہسپتال اور مختار اے شیخ ہسپتال کا دورہ کیا اور حکمت عملی تیار کرنے کے لئے نشتر ہسپتال میں ڈی سی عامرخٹک کی زیرصدارت اجلاس ہوا جس میں کورونا وائرس کے مریضوں کے لئے نشتر ہسپتال میں بیڈز کی تعداد224 تک بڑھانے سمیت ہسپتال میں کورونا مریضوں کے لئے وینٹی لیٹرز کی تعداد40 تک بڑھانے کا بھی فیصلہ کیا گیا ۔
اجلا س سے خطاب میں ڈپٹی کمشنر عامر خٹک کا کہنا تھا کہ حکومت کورونا وائرس کے ہر مریض تک علاج معالجہ کی سہولت فرہم کرنا چاہتی ہے، پہلے سرکاری ہسپتالوں میں موجود تمام انفراسٹرکچر استعمال میں لایا جائے گا اور ناگزیر صورتحال میں نجی ہسپتالوں کی خدمات حاصل کی جائیں گی ۔تمام سرکاری ہسپتالوں میں دستیاب وینٹی لیٹرز اور متعلقہ انفراسٹرکچر کا ڈیٹا اکٹھا کیا جارہا ہے جبکہ نشتر ہسپتال کی انتظامیہ کورونا مریضوں کی تعداد کے پیش نظر استعداد بڑھانے کی بھرپور کوشش کررہی ۔
ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ کورونا وائرس میں مبتلا مریضوں کا علاج کرنیوالے ڈاکٹرز اور سٹاف کی خدمات لائق تحسین ہیں جبکہ کورونا وائرس کی وجہ سے پیدا ہونے والی صورتحال بھی ابھی کنٹرول میں ہے۔انہوں نے مزید بتایا کہ کورونا وائرس کے مریضوں کے لئے بیڈز کی کیپسٹی 144 سے بڑھا کر202 بیڈ کر دی گئی ہے، 30 جون تک بیڈز کی تعداد224 کردی جائے گی جبکہ کورونا وائرس کے مریضوں کے لئے وارڈ22،23،26،27،28 اور 29 مختص کئے گئے ہیں،ہسپتال میں آکسی جینیشن پوائنٹس کی تعداد176 سے بڑھا کر287 کردی گئی ہے
وی این ایس ، ملتان











