وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کے زیر صدارت اعلیٰ سطح کا اجلاس

143

لاہور،26جون (اے پی پی)وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کے زیر صدارت اعلیٰ سطح کا اجلاس ہوا۔اجلاس میں وزیراعلی پنجاب نے مہنگائی اور ذخیرہ اندوزی کے سدباب، مون سون کی پلاننگ اور عوامی خدمت کے دیگر امور کے بارے میں متعلقہ محکموں کی کارکردگی پر برہمی کا اظہار کیا۔

وزیر اعلی پنجاب عثمان بزدار نے بروقت اقدامات نہ کرنے پر متعلقہ حکام کی سخت سرزنش کی اور کہا کہ محکموں کو اب کام کر کے دکھانا ہو گا، سست روی بالکل برداشت نہیں  کی جائے گی ۔سرکاری محکمے عوامی مسائل کے حل کیلئے پیشگی اقدامات کریں، عوام کے مسائل کے حل کے لئے درکار اقدامات میں کوتاہی ہرگز برداشت نہیں – انہوں نے کہا کہ کوتاہی ثابت ہونے پر ذمہ داروں کا تعین کر کے سخت کارروائی کی جائے گی۔

وزیر اعلی نے کہا کہ  اضلاع میں مون سون کی وجہ سے ہونے والے ممکنہ مسائل کے ازالے کے لئے پلاننگ کی جائےعوامی نمائندوں کو مون سون اور دیگر امور کے بارے میں مشاورت میں شریک کیا جائے.انہوں نے کہا کہ سپیشل برانچ صوبہ بھر میں ادویات اور اینٹی سپٹیک محلول کے بارے میں جامع رپورٹ پیش کرے ادارے واسا کی تیاریوں کے امور کی بھرپور مانیٹرنگ کر کے رپورٹ پیش کریں، سیلاب اور بارشوں کی وجہ سے ممکنہ مسائل کا پیشگی ادراک کیا جائے-

عثمان بزدار نے کہا کہ واسا اور میونسپل کارپوریشنیں ایسی پلاننگ کریں کہ عوام کو قطعا دشواری نہ ہو ذخیرہ اندوزی کرنے والوں کے خلاف موثر کارروائی کی جائےادویات اور دیگر اشیاء ضروریہ کے نرخ میں اضافہ قطعا قابل قبول نہیں گرانفروشوں کے احتساب کیلئے موثر اور فول پروف نظام وضع کیا جائے- انہوں نے کہا کہ فیصل آباد میں واسا کے امور میں کوتاہی اور ابتری انتہائی افسوسناک ہے واسا فیصل آ باد 20 روز میں عدالتی احکامات پر خراب سیوریج کو ٹھیک کرے کورونا کے لئے درکار ادویات کی مقررہ نرخ پر دستیابی یقینی بنائی جائے- وزیر اعلی نے کورونا ادویات کے نام اور نرخ ہر فارمیسی کے باہر آویزاں کرنے کا حکم دے دیا۔

اجلاس  میں صوبائی وزراء راجہ محمد بشارت، ڈاکٹر یاسمین راشد، میاں محمودالرشید، میاں اسلم اقبال، چیف سیکرٹری، آئی جی اور دیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی۔

وی این ایس ، لاہور