ایس ایس پی آپریشنز منصور امان نے سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیو کا نوٹس لے لیا

141

پشاور، 7جولائی(اے پی پی): ایس ایس پی آپریشن پشاور منصور امان نے سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیو کا نوٹس لے لیا اور ایس پی سٹی کی سربراہی میں کمیٹی تشکیل دے دی جو وائرل ہونے والی ویڈیو کے محرکات کا جائزہ لے گی۔

ایس ایس پی آپریشن پشاور منصور امان نے وائرل ہونیوالی وڈیو واقعہ کے بارے میں میڈیا کو بتایا کہ کمیٹی ویڈیو میں نظر آنے والی خاتون سے بھی معلومات حاصل کرے گی اور تمام پبلک مقامات اور پارکس کا بھی جائزہ لے گی۔ انہوں نے کہا کہ کمیٹی سفارشات پر اہم اقدامات اٹھائے جائیں گے کیونکہ تفریحی مقامات کو ہر حالت میں نشے سے محفوظ رکھنا ترجیحات میں شامل ہے۔

ایس ایس پی آپریشنز نے کہا کہ آئس کے خلاف پہلے ہی سے کریک ڈاؤن جاری ہےجبکہ رواں سال کے دوران اب تک 634 مقدمات درج کیے گئے ہیں جن کی روشنی میں721 ملزمان کو گرفتار کیا گیا ہے اور اب تک 33 کلو گرام سے زائد آئس برآمد کی گئی ہے۔

 ایس ایس پی آپریشن منصور امان نے میڈیا کو بتایا کہ پشاور پولیس نے اس کے  بارے میں خصوصی آگاہی مہم بھی شروع کر رکھی ہے اور اب دیگر اداروں کے ساتھ مل کر آگاہی مہم کو مزید تیز کیا جائے گا۔

وی این ایس،پشاور