بہترین خدمات کی فراہمی کے لئے محکموں میں بے پناہ اصلاحات کی گئی ہیں؛وزیراعلیٰ پنجاب

151

لاہور ،29جولائی (اے پی پی): وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا کہ دوبرس میں صوبے کے عوام کو بہترین خدمات کی فراہمی کے لئے محکموں میں بے پناہ اصلاحات کی گئی ہیں، سابق حکمران30برس میں جو کام نہ کرسکے تحریک انصاف کی حکومت نے قلیل مدت میں کیے ہیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے گڈگورننس کونسل کے پہلے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا، اجلاس میں عوام کے مسائل کے حل، سروس ڈلیوری میں بہتری اورگڈگورننس کے حوالے سے مشاورت  کی گئی جبکہ حکومت کی کارکردگی کو موثر انداز میں عوام کے سامنے لانے کیلئے تجاویز کا جائزہ لیاگیا۔

  عثمان بزدا نے کہا کہ دفتر بیٹھنے کی بجائے فیلڈ میں جاکرزمینی حقائق خود دیکھتا ہوں۔ گزشتہ رات لاہور کا تین گھنٹے تفصیلی دورہ کر کے عوامی مسائل سے آگاہی حاصل کی اور کوتاہی اورفرائض سے غفلت برتنے پر فوری ایکشن لیتے ہوئے متعلقہ افسروں کیخلاف کارروائی عمل میں لائی گئی۔

 انہوں نے کہا کہ لاہورکے بعد دیگر شہروں کے بھی سرپرائز وزٹ کروں گا، گڈگورننس کو یقینی بنانے کیلئے آخری حد تک جائیں گے، کسی کو عوامی خدمت کے سفر میں حائل نہیں ہونے دیں گے۔انہوں نے کہا کہ بغیر پروٹوکول دورے سے جو فیڈ بیک ملتا ہے،اس سے عوامی مسائل حل کرنے میں مدد ملتی ہے۔

 عثمان بزدار نے کہا کہ میں عوام کا نمائندہ ہوں اوران کے مسائل حل کرنا میری ذمہ داری ہے۔ صوبائی وزراء اورمنتخب نمائندے بھی اپنے علاقوں میں عوامی مسائل کے حل کیلئے وزٹ کریں۔ انہوں نے کہا کہ پارٹی کے کارکنوں سے بھی مستقل رابطہ رکھا جائے گا۔

 صوبائی وزراء میاں محمود الرشید،یاسمین راشد،یاسر ہمایوں،مراد راس،فیاض الحسن چوہان،انصر مجید خان نیازی،مشیر آصف محمود،اراکین پنجاب اسمبلی،سید یاور عباس بخاری،عائشہ چوہدری،ملک تیمور مسعود، واثق قیوم عباسی، چوہدری محمد عدنان، محمد لطیف نذراور سیکرٹری گڈگورننس کمیٹی پاکستان تحریک انصاف کرنل(ر) اعجاز منہاس کونسل کے ممبران ہوں گے۔

وی این ایس،لاہور