پشاور، 13جولائی(اے پی پی): انسپکٹر جنرل آف پولیس خیبر پختونخوا ڈاکٹر ثناءاللہ عباسی نے آج سنٹرل پولیس آفس پشاور میں منعقدہ ایک تقریب میں کرم پولیس کے افسروں و جوانوں کو بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے پر توصیفی اسناد سے نوازا۔
کرم پولیس نے دہشت گردی، منشیات، سمگلنگ اور دیگر جرائم کے خلاف نمایاں کامیابیاں حاصل کیں۔ جس سے جرائم کی شرح میں نمایاں کمی واقع ہوئی ۔انسپکٹر جنرل آف پولیس ڈاکٹر ثناءاللہ عباسی نے اس کارہائے نمایاں پرکرم پولیس کے 30 افسروں و جوانوں کو توصیفی اسناد سے نوازا۔ انعام یافتہ گان میں کانسٹیبل سے لیکر ڈی ایس پی رینک کے اہلکار شامل تھے۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے آئی جی پی نے کہا کہ خاصہ داروں اور لیویز اہلکاروں کے پولیس میں انضمام کا 90 فیصد کام مکمل ہو چکا ہے اور فیز 2 بھی کچھ دنوں میں مکمل ہو جائے گا اور یوں انضمام کا عمل مکمل ہو جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ خاصہ داروں اور لیویز اہلکاروں کی ٹریننگ بھی یکم اگست سے شروع کردی جائے گی۔آئی جی پی کہا کہ آپ کے حقوق صوبہ میں تعینات دیگر پولیس اہلکاروں کے برابر ہیں اور پولیس کے لیے مہیا کئے گئے تمام مراعات جس میں ویلفیئر، شہداءپیکج وغیرہ شامل ہیں، ان میں آپ کو برابر حقوق دیئے جائیں گے۔ آئی جی پی نے کرم پولیس کے افسروں اور جوانوں سے کہا کہ اگر آپ کو مسائل درپیش ہوں تو ان کے بارے میں آگاہ کریں انشاءاللہ ترجیحی بنیادوں پر حل کئے جائیں گے۔
آئی جی پی نے ہدایت کی کہ نئے دور کے چیلنجز کے مطابق پیشہ ورانہ انداز میں عوامی پولیسنگ کو فروغ دیں۔ جس میں عوام کی خدمت اور عزت نفس کو ملحوظ رکھتے ہوئے بروقت انصاف کی فراہمی کو یقینی بنائیں۔ انہوں نے کہا کہ ذاتی اور گروہی مفادات سے بالا ہو کام کرنا ہی قومی مفاد میں ہے۔ انھوں نے مزید کہا کہ عوام کی خدمت کو اپنا شعار بنائیں تاکہ عوام کا پولیس کے نظام پر اعتماد بڑھے اور ضم شدہ اضلاع میں قانون کی پاسداری کو تقویت ملے۔
وی این ایس، پشاور











