پشاور، 15جولائی(اے پی پی ): ڈائریکٹر جنرل ریسکیو 1122ڈاکٹر خطیر احمد نے کہا ہے کہ لوئر چترال گولین میں سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں ریسکیو 1122 کی امدادی سرگرمیاں جاری ہیں اور اسی سلسلے میں ریسکیو نے مشیلک اور مکاؤ میں میڈیکل کیمپس بھی قائم کئے ہیں۔
سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں ریسکیو 1122 کی امدادی سرگرمیاں سے متعلق انہوں نے کہا کہ سیلابی ریلے کے باعث رابطہ سڑکیں، پل، گھر، مویشی خانے اور مسجد کے متاثر ہونے کی اطلاعات ہیں لیکن ریسکیو 1122 نے دستیاب وسائل سے آمدورفت کے لیے عارضی پل قائم کردیا ہے جس سے ریسکیو اہلکار پانی کے تیز بہاؤ کے باوجود عوام کو محفوظ مقامات پر منتقل کر رہے ہیں۔
ڈاکٹر خطیر احمد نے کہا ہے کہ ریسکیو1122 کی میڈیکل ٹیمیں اس وقت گولین میں مریضوں کو طبی امداد فراہم کررہی ہیں اور اس مقصد کیلئے ریسکیو کے طبی عملے کو تمام ضروری سامان اور آلات مہیا کردئیے گئے ہیں۔
وی این ایس ، پشاور











