صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد نے سیالکوٹ میں کرونا فری لیبارٹری کا افتتاح کر دیا

107

سیالکوٹ،30جولائی( اے پی پی ): صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد نے سیالکوٹ میں کرونا فری لیبارٹری کا افتتاح  کر دیا ۔ اس موقع پرصوبائی وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سیالکوٹ میں لیول تھری کا لیب بنایا گیا ہے،سیالکوٹ میں کرونا کے کم مریض ہیں۔ انہوں کہا اس وقت پنجاب میں 92 ہزارسے زیادہ مریض ہیں اورپنجاب کے 19 اضلاع کورونا سے فری ہوگئے ہیں، پنجاب میں کورونا کی صورتحال بہترہونا شروع ہو گئی ہے، کورونا میں جو کمی آئی ہے قوم اس پر اللہ کا شکر ادا کرے۔
ڈاکٹر یاسمین راشد نے کہاسیالکوٹ میں 200 بیڈ پر مشتمل مدر اینڈ چائلڈ ہسپتال کا پی سی ون تیار ہو گیا ہے، اس منصوبے پر چار ارب روپے لاگت آئے گی، جن علاقوں کی طرف کسی نے توجہ نہیں دی وہاں ہسپتال بنا رہے ہیں ،پنجاب کے پانچ شہروں میں ہسپتال بنائے جائیں گے۔انہوں نے کہاجب حکومت سنبھالی تو پتہ چلا کہ 50 فیصد ڈاکٹروں کی سیٹیں خالی ہیں۔ ہم نے 15ہزار نئے ڈاکٹر بھرتی کئے۔تحریک انصاف کی حکومت نے ڈاکٹروں کی تنخواہوں میں اضافہ کیا، 72 لاکھ لوگوں تک صحت کارڈ پہنچائے جائیں گے۔

اے پی پی /سیالکوٹ/حامد