پشاور،6جولائی(اے پی پی): گورنر خیبر پختونخوا شاہ فرمان نے کہا ہے کہ صوبہ کے اعلی تعلیمی اداروں کو مالی اور انتظامی طور پر مضبوط کرنا چاہتے ہیں کیونکہ یونیورسٹیوں کے انتظامی معاملات بہتر ہونے سے معیار تعلیم بھی بہتر ہوگا۔
پیر کو گورنر ہاؤس میں صوبہ کے اعلی تعلیمی اداروں سے متعلق اہم اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے گورنر خیبر پختونخوا کا کہنا تھا کہ یونیورسٹیوں کے وائس چانسلرز کو انتظامی معاملات میں مضبوط دیکھنا چاہتے ہیں مگر بعض یونیورسٹیوں میں سینڈیکیٹ کے فیصلے خود تعلیمی اداروں کے لئے مایوس کن ثابت ہوئے ہیں۔
اجلاس میں میں صوبہ کی یونیورسٹیوں کے مالی، انتظامی اور تعلیمی امور بہتر بنانے سے متعلق مختلف تجاویز پر غور کیا گیا۔
گورنر خیبر پختونخوا شاہ فرمان نے کہا کہ بہترین معیار تعلیم کیلئے سینڈیکیٹ کو سینٹ فیصلوں پر عملدرآمد کا پابند بنانا ہو گا اور طلبہ کا اعتماد قائم رکھنے اور شفافیت کیلئے ایک یونیورسٹی کے امتحانی پرچے دوسری یونیورسٹی سے چیک کرانے ہونگے کیونکہ تعلیمی نظام کو بہترین بنانا یونیورسٹی انتظامیہ، فیکلٹی اراکین سمیت ہم سب کی مشترکہ زمہ داری ہے۔
وی این ایس ، پشاور











