وہاڑی میں کرونا متاثرین  تیزی سے صحت یاب ہونے لگے،324 افراد نے کورونا کو شکست دے دی

115

بورے والا، 06 جولائی (اے پی پی):ملک کے دیگر شہروں کی طرح ضلع وہاڑی میں بھی کرونا وائرس سے متاثرہ مریض کورونا کو شکست دے کر تیزی سے صحت یاب ہونے لگے ہیں،گذشتہ تین ماہ میں ضلع بھر میں کورونا کے 480 مریض سامنے آئے جنہیں ٹی ایچ کیو ہسپتالوں ،ڈی ایچ کیو ہسپتال کے آئسولیشن وارڈ اور گھروں میں آئیسولیٹ کیا گیا ان متاثرہ مریضوں میں سے 324 افراد کورونا کو شکست دے کر صحتیاب ہوچکے ہیں جبکہ 9 افراد زندگی کی بازی ہار گئے، اس وقت ضلع بھر میں 147 متاثرہ افراد موجود ہیں جنکی اکثریت گھروں میں ہی آئیسولیٹ ہے۔

اس سلسلہ میں سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر محمد فاضل کا کہنا ہے کہ ڈاکٹرز اور پیرامیڈیکس کورونا کے خلاف فرنٹ لائن پر رہتے ہوئے بڑی محنت اور جذبے سے کام کررہے ہیں، اب ہسپتالوں میں مزید طبی سہولیات ملنے کے علاوہ عوام میں شعور اور آگاہی پیدا ہونے سے اس وائرس کے پھیلاؤ میں بتدریج کمی واقع ہورہی ہے اور ہسپتالوں میں کورونا کے تشویشناک مریضوں سمیت تمام مریضوں کی صحت یابی اللہ کے فضل و کرم سے بہت بہتر ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہمارے 50 کے قریب ڈاکٹرز اور پیرامیڈکس بھی کورونا کا شکار ہوئے لیکن انہوں نے بھی اللہ کے فضل سے کورونا کو شکست دے دی ہے۔

 وی این ایس، بورے والا