پشاور،22جولائی(اے پی پی): خیبر پختونخوا ایلیمنٹری اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن اور یونائیٹڈ نیشن ورلڈ فوڈ پروگرام ایجوکیشن ٹیم کے درمیان آج یہاں ضم شدہ اضلاع میں بچیوں کی معیاری تعلیم، خوراک اور صحت تک رسائی کے یادداشت پر دستخط ہوئے جسکے تحت ضم شدہ اضلاع میں خواتین کی خواندگی کی شرح بہتر بنانے کیلئے معیاری تعلیم، اصول صحت اور متوازن غذائی پروگرامز پر کام ہوگا۔
پروگرام کے حوالے سے تفصیلات دیتے ہوئے صوبائی وزیر تعلیم اکبر ایوب خان نے بتایا کہ اس پروگرام کے تحت تمام سات( 7 ) نئے ضم شدہ اضلاع اور چھ(6) سب ڈویژنوں میں بچیوں کی معیاری تعلیم تک رسائی ممکن بنائی جائے گی اور گریڈ 6-10 کے تمام سرکاری سکولوں کے بچیوں کو ماہانہ ایک ہزار روپے وظیفہ دیا جائے گا۔
وزیر تعلیم نے کہا کہ اس پروجیکٹ کا مقصد زیادہ سے زیادہ بچیوں کو سکولوں میں لانا ہے تاکہ ضم شدہ اضلاع میں طالبات کی معیاری تعلیم، خوراک اور صحت تک رسائی ممکن ہو سکے۔
پروگرام میں یونائیٹڈ نیشن ورلڈ فوڈ پروگرام ایجوکیشن ٹیم کے کنٹری ڈائریکٹر کرس کیے (Chris Kaye)، صوبائی وزیر تعلیم اکبر ایوب خان، سپیشل سیکرٹری ابتدائی و ثانوی تعلیم ظریف المانی، ایڈیشنل سیکرٹری اعجاز الرحمن، چیف پلاننگ آفیسرحشمت علی اور ایڈیشنل ڈائریکٹر فرید خٹک نے شرکت کی۔
وی این ایس،پشاور











