پاکستان نے ہمیشہ افغانستان کو سہولیات پہنچانے میں مثبت کردار ادا کیا ہے؛ سینیٹر شبلی فراز

154

اسلام آباد ، 31 جولائی (اے پی پی):وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات سینیٹر شبلی فراز نے کہا ہے کہ پاکستان اور افغانستان کے درمیان برادرانہ اور تاریخی تعلقات ہیں، پاکستان نے ہمیشہ افغانستان کو سہولیات پہنچانے میں مثبت کردار ادا کیا، افغانستان کے حوالہ سے حالیہ معاہدوں میں پاکستان کا اہم کردار شامل ہے ، پاکستان افغانستان سمیت تمام سرحدوں پر عالمی اصولوں کے مطابق اور مانیٹرنگ کا موثر نظام یقینی بنا رہا ہے، بعض شرپسند عناصر اور سمگلنگ میں ملوث افراد نے افغانستان سرحد بند ہونے پر رہ جانے والے افراد کو اکسایا جنہوں نے چمن سرحد کے داخلی پوائنٹ پر داخل ہونے کیلئے زور زبردستی کی، اس کشیدگی پر افغان حکومت سے بھی مقامی انتظامیہ نے رابطہ کیا اور صورتحال سے آگاہ کیا۔

وہ جمعہ کی رات پی آئی ڈی میں پریس کانفرنس سے خطاب کر رہے تھے۔ وفاقی وزیر سینیٹر شبلی فراز نے کہا کہ کورونا وائرس کے باعث دنیا بھر کے ممالک نے اپنی سرحدیں بند کیں، اسی طرح پاکستان نے بھی افغانستان سمیت دیگر ممالک کے ساتھ اپنی سرحدیں بند کیں چونکہ افغانستان کا تجارت کیلئے کوئی سمندری راستہ نہیں اس لئے افغان حکومت کے ساتھ مشاورت کے بعد افغانستان پر طورخم سرحد کو غلام خان سرحد اور انگور اڈہ سرحد کو اشیاءکی ترسیل کیلئے کھولا گیا اور بعد ازاں عید سے قبل دوبارہ سے سرحد کو بند کر دیا گیا۔ یومیہ اپنے سرحدی مقامات سے اڑھائی سے تین ہزار افراد کی آمدورفت تھی، سرحدیں بند ہونے سے اکثریت افغانی واپس چلے گئے تھے لیکن کچھ افغانی واپس نہیں جا سکے۔ چمن سرحد کے قریب تجارت اور سمگلنگ بند ہونے سے متاثر ہونے والے شرپسند عناصر اور سمگلروں نے وہاں پر ان لوگوں کو اکسایا اور چمن سرحد پار کرنے کیلئے زور زبردستی کی۔ اس کشیدگی میں افغانستان کی جانب سے فائرنگ کی گئی جس سے پاکستان کی سرحدی چوکیوں کو نقصان پہنچا جس پر ہماری جانب سے بھی جواب دیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان نے ہمیشہ افغانستان کو سہولیات پہنچانے میں مثبت کردار ادا کیا، افغانستان کے حوالہ سے حالیہ معاہدوں میں پاکستان کا اہم کردار شامل ہے۔ انہوں نےمزید کہا کہ پاکستان نے اپنے تمام سرحدی مقامات پر مانیٹرنگ کا مربوط اور موثر انتظام کیا ہے۔

اے پی پی/ڈیسک/حامد