لاہور،28 اگست (اے پی پی): گور نر پنجاب چوہدری محمدسرور نے کہا ہے کہ آئین وقانون کی حکمرانی حکومت کی اولین تر جیح ہے، عمران خان کا کوئی ذاتی ایجنڈہ نہیں بلکہ ملکی ترقی و خوشحالی انکا مشن ہے۔
جمعہ کو یہاں گورنر ہاؤس میں وفاقی وزیر دفاع پرویز خٹک سے ملاقات کے دوران سیاسی اور حکومتی معاملات پر تبادلہ خیال کرتے ہوئے گور نر پنجاب کا کہنا تھا کہ حکومت پارلیمنٹ کے اندر باہر کسی پریشر میں آنیوالی نہیں۔انہوں نے کہا کہ ایف اے ٹی ایف قوانین پر اپوزیشن کا رویہ ملکی مفاد میں نہیں ہے ،سیاسی مخالفین، ذاتی اور سیاسی نہیں قومی مفادات کو تر جیح دیں اور اپوزیشن پار لیمنٹ کے اندر باہر مثبت کردار ادا کر ے۔
گور نر پنجاب چوہدری محمدسرور نے کہا کہ ایف اے ٹی ا یف میں بھارتی منصوبہ کو ناکام بنائیں گے،آئین وقانون کی حکمرانی حکومت کی اولین تر جیح ہے انہوں نے کہا کہ ملک کو عدم استحکام کا شکار کر نیوالوں کو کامیاب نہیں ہونے دینگے۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر دفاع پرویز خٹک نے کہا کہ تحر یک انصاف کی حکومت ملک کو ترقی یافتہ اور خوشحال بنا رہی ہے۔وزیر اعظم عمران خان ہمیشہ سے اصولوں کی سیاست کر تے ہیں، ملک کو معاشی سمیت دیگر مسائل سے نجات دلائیں گے۔











