منصوبوں کے تعمیراتی کاموں میں اعلیٰ معیار پر کوئی سمجھوتہ نہیں  کیا  جائے گا: وزیراعلیٰ پنجاب

104

ساہیوال، 28اگست(اے پی پی): وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار  نے کہا ہے کہ  تاجر برادری اور صنعتکاروں کی سہولت کیلئے ہرممکن اقدام کریں گے۔ فلاح عامہ کے منصوبوں کو مقررہ مدت کے اندر مکمل کیا جائے گا جبکہ منصوبوں کے تعمیراتی کاموں میں اعلیٰ معیار پر کوئی سمجھوتہ نہیں  کیا  جائے  گا۔

جمعہ کو  یہاں ساہیوال میں وکلاء، تاجروں، صنعتکاروں اور پارٹی عہدیداروں  سے ملاقات کے دوران گفتگو  کرتے ہوئے  وزیر اعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ پنجاب کے ہر شہر کا دورہ کرکے ترقیاتی منصوبوں پر پیش رفت کا جائزہ لے رہا ہوں۔ ساہیوال کو موٹروے سے لنک کریں گے،سمندری انٹرچینج سے ساہیوال تک رابطہ سڑک تعمیر کی جائے گی۔اس منصوبے پر عملدرآمد کیلئے متعلقہ اداروں سے فوری رابطہ کریں گے۔

عثمان بزدار نے کہا کہ وکلاء اور صحافیوں کیلئے ہر ڈویژن میں کالونی بنائیں گے۔انہوں  نے ساہیوال رنگ روڈ کی جلد تکمیل کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ اس ضمن میں ترجیحی بنیادوں پر فنڈز دیئے جائیں گے۔اس کے علاوہ انہوں نے ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال ساہیوال کی اپ گریڈیشن کا اعلان بھی کیا اور کہا کہ ہسپتال میں علاج معالجے کی سہولتوں کو بہتر بنانے کیلئے ہرممکن اقدام اٹھائیں گے۔

وزیر اعلی پنجاب نے کہا کہ ساہیوال کے ہسپتال اور میڈیکل کالج کو اضافی فنڈز دیئے جائیں گے۔انہوں نے ساہیوال شہر کی سڑکوں کی تعمیر و مرمت کا کام جلد مکمل کرنے کیلئے ہدایات بھی جاری کیں۔انھوں نے کہا کہ ساہیوال میں غیر ملکی تعاون سے شہری سہولتوں کی بہتری کے منصوبے مکمل کئے جائیں گے اور اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں استحکام کیلئے پرائس کنٹرول اتھارٹی قائم کی جائے گی۔انہوں نے بتایا کہ وکلاء میرے بھائی ہیں، ان کے جائز مسائل حل کریں گے،  کسووال میں گرلز ڈگری کالج بنائیں گے جبکہ ساہیوال کے شہریوں کو ان کا حق دے رہے ہیں۔

وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے ڈپٹی کمشنر آفس کے کمیٹی روم کا افتتاح بھی کیا۔