لاہور ،7 اگست(اے پی پی): وزیرِ اطلاعات پنجاب فیاض الحسن چوہان نے وزیرِ اعلیٰ پنجاب کی نیب طلبی پر اپنے ویڈیو پیغام میں کہا ہے کہ آل پاکستان لوٹ مار ایسوسی ایشن نے سردار عثمان بزدار کی نیب طلبی پر بلا وجہ طوفان کھڑا کیا ہوا ہے، اپوزیشن کے الزامات بے بنیاد ہیں، وزیرِ اعلیٰ پنجاب نیب کے سامنے پیش ہو کر تمام سوالات کے جوابات دیں گے۔
فیاض الحسن چوہان نے کہا کہ لاہور ایئرپورٹ کے قریب ایک نئے تعمیر شدہ ہوٹل نے شراب کے کوٹے کے لیے اپلائی کیا تھا۔ کسی بھی ہوٹل کو شراب فروخت کرنے کا لائسنس جاری کرنے کا اختیار صرف ڈی جی ایکسائز کے پاس ہے۔ ڈی جی ایکسائز نے ضروری کارروائی کے بعد مذکورہ ہوٹل کو لائسنس جاری کر دیا۔
فیاض الحسن چوہان نے کہا کہ میڈیا پر اس بات کا چرچہ ہونے کے بعد ڈی جی ایکسائز نے فائل وزیرِ اعلیٰ سیکریٹریٹ بھیجی۔ وزیرِ اعلیٰ سیکریٹریٹ سے فائل اس نوٹ کے ساتھ واپس بھجوا دی گئی کہ یہ معاملہ ہمارے دائرہ اختیار میں نہیں۔
فیاض الحسن چوہان نے کہا کہ ڈی جی ایکسائز کی جانب سے مذکورہ ہوٹل کو جاری کیا گیا لائسنس معطل کر دیا گیا۔ ہوٹل کے لاہور ہائیکورٹ سے رجوع کرنے پر عدالت نے ڈی جی ایکسائز کے فیصلے کو ختم کرتے ہوئے ہوٹل کے حق میں فیصلہ دیا۔ اس سارے معاملے میں سردار عثمان بزدار پر کرپشن اور اختیارات کے ناجائز استعمال کا الزام سمجھ سے بالاتر ہے۔
وی این ایس ، لاہور











