بورے والا،20 اگست (اے پی پی ): میونسپل کارپوریشن بورے والا نے پہلی آن لائن ایپ کا باقاعدہ آغاز کردیا،شہریوں کو آن لائن پیدائش،اموات کے اندراج و حصول سرٹیفکیٹ اور اپنی شکایات کے اندراج کی سہولت میسر ہوگی، ضلع وہاڑی میں سب سے پہلے آن لائن سروس شروع ہوگئی۔
پنجاب حکومت کی ہدایت پر عوام کو میونسپل کارپوریشن سے متعلقہ امور کی آن لائن سہولت فراہم کرنے کے حوالہ سے میونسپل کارپوریشن بورے والا نے پہلی آن لائن ایپ متعارف کروا دی جسکا باقاعدہ افتتاح اسسٹنٹ کمشنر رانا اورنگ زیب اور چیف آفیسر راو محمد علی نے کیا۔
اس موقع پر چیف آفیسر میونسپل کارپوریشن راو محمد علی نے بتایا کہ اس ایپ کے تحت اب تمام شہری گھر بیٹھے اس ایپ کو ڈاؤن لوڈ کر کے پیدائش و اموات سرٹیفکیٹ ،اندارج پیدائش و اموات،اندراج نکاح نامہ و حصول سرٹیفکیٹ نکاح نامہ اور طلاق سرٹیفکیٹ کے علاوہ صفائی و نکاسی آب کی شکایات بھی درج کروائی جاسکیں گی، عوام کو دی جانے والی اس سہولت سے وہ گھر بیٹھے فائدہ اٹھا سکیں گے۔
افتتاح کے موقع پر ان لائن تاریخ پیدائش اور اموات کے سرٹیفیکٹ کے حصول کے لئے درخواستیں دینے والے شہریوں کو سرٹیفکیٹ تقسیم کئے گئے۔











