ملتان،20 اگست(اے پی پی ): اے ڈی سی جی قمرالزمان قیصرانی کی زیر صدارت جبری مشقت کے بارے میں اجلاس جمعرات کو یہاں منعقد ہوا، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل نے بھٹہ مزدوروں کو سوشل سیکیورٹی کارڈ جاری کرنے میں تاخیر کا نوٹس لیتے ہوئے کہا کہ محکمہ سوشل سیکیورٹی بھٹہ مزدوروں کی رجسٹریشن جلد شروع کرے۔
اے ڈی سی جی نے کہا کہ سوشل سیکیورٹی کارڈ جاری ہونے کے بعد بھٹہ مزدوروں کو ای او بی آئی کے پاس رجسٹر کیا جائے گا،بھٹہ مالکان ای او بی آئی کو مزدوروں کی پنشن کنٹری بیوشن ادا کریں گے۔ 60 سال کی عمر پوری ہونے کے بعد ای او بی آئی بھٹہ مزدوروں کو پنشن ادا کرے گی اس عمل سے 400 سے زائد بھٹوں کے ہزاروں مزدوروں کو فائدہ ہو گا، اس کے علاوہ حکومت جبری مشقت اور چائلڈ لیبر کے خلاف سخت اقدامات کررہی ہے۔
اے ڈی سی جی نے کہا کہ چائلڈ لیبر کے قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف بھی مقدمات درج کرائے جائیں جبکہ بھٹہ مالکان اینٹوں کے زائد نرخ وصول کرنے سے اجتناب کریں۔ انہوں نے کہا کہ اینٹوں کے مقررہ نرخ سے زائد قیمت وصول کرنیوالوں کے خلاف جلد کریک ڈاؤن کیا جائے گا، بھٹے سیل کر دئے جائیں گے اور مالکان پر بھاری جرمانے عائد کئے جائیں گے۔انہوں نے بتایا کہ کورونا وائرس کی وجہ سے بھٹہ مزدوروں کی کے سوشل رجسٹریشن میں تاخیر ہوئی ہے۔
صدر بھٹہ یونین نے کہا کہ بھٹہ ایسوسی مزدوروں کے مفادات کے لِے انتظامیہ سے ہر ممکن تعاون کرے گی۔
اسسٹنٹ ڈائریکٹر لیبر کامران علی ،سوشل سیکیورٹی،ای او بی آئی کے افسران سمیت بھٹہ یونین کے عہدیداران نے بھی شرکت کی۔











