مری، 28اگست(اے پی پی): بین الپارلیمانی یونین کی صدر گیبریلا کیویس بیرن نے ملکہ کوہسار مری کا دورہ کیا۔چیئرمین سینیٹ محمدصادق سنجرانی، وفاقی وزیر اطلاعات سینیٹر شبلی فراز، سینیٹر مرزا محمد آفریدی اور سینیٹر دلاور خان بھی ان کے ہمراہ تھے۔
چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی اور صدر بین الپارلیمانی یونین گیبریلا کیویس بیرن نے وزیراعظم پاکستان کی شجرکاری مہم کے حوالے سے مری گورنر ہاؤس میں پودا بھی لگایا۔ صدر آئی پی یو نے چیئرمین سینیٹ کے ہمراہ مال روڈ پر چہل قدمی بھی کی اور سیاحوں میں گھل مل گئے۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ پاکستان قدرتی مناظر اور تفریحی مقامات سے مالا مال ہے، دنیا بھر کے سیاح پاکستان کے سیاحتی مقامات سے لطف اندوز ہو سکتے ہیں۔ صدر بین الپارلیمانی یونین نے پاکستان کی ثقافت، کلچرل اور ہنڈی کرافٹ کو سراہا اور کہا پاکستان کی عوام مہمان نواز اور محبت کرنے والی ہے۔











