تاجر برادری کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کریں گے ؛وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان بزدار

96

لاہور، 17اگست  (اے پی پی): وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا ہے کہ راوی کنارے بڑھتے مسائل کو حل کرنے کیلئے نیا شہر آباد کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ تاجر برادری کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کریں گے۔

وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری میں تاجر اور صنعتکاروں سے خطاب کرتے ہوئے کہا ڈیڑھ سال میں 13 خصوصی اقتصادی زونز پر کام کا آغاز کیا، راوی کنارے نیا شہر آباد کرنے کا فیصلہ کیا، بڑھتے مسائل کو حل کرنے کیلئے نیا شہر آباد کرنے کا فیصلہ کیا۔ انہوں نے کہا تاجر برادری کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کریں گے، معیشت بحال ہوئی اور ملک ترقی کی جانب گامزن ہے، زراعت کے شعبے میں اصلاحات لا رہے ہیں۔

سردار عثمان بزدار کا کہنا تھا حکومت کی توجہ جنوبی پنجاب کی ترقی پر ہے، کم ترقی یافتہ علاقے ہماری ترجیح ہیں، جنوبی پنجاب کی ترقی کیلئے سیکرٹریٹ فعال ہوگیا ہے۔ انہوں نے کہا سمارٹ لاک ڈاؤن کی بدولت کورونا سے نمٹنے میں کامیاب ہوئے، مربوط تعاون اور حکمت عملی سے صورتحال میں بہتری آئی، ماڈل پولیس سٹیشن کے منصوبے کو آگے بڑھائیں گے۔

بعد ازاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے میڈیا کے سوالات کے جواب میں کہا کہ نیب نے مجھے بلایا اورمیں پیش ہوا۔ جس طرح میں اکیلا گیا آپ سب کے علم ہے۔نیب نے مجھے بطور ملزم نہیں گواہ بلایا۔ انھوں نے کہا کہ میں نیب کے سوالات کا جواب دوں گا۔ دامن صاف ہے، ڈرنے کی ضرورت نہیں۔ نیب کو تمام سوالات پر مطمئن کروں گا۔ وزیراعظم عمران خان کا ہمیشہ مجھ پر اعتماد رہا ہے۔ زیراعظم عمران خان کا اعتماد ہی ہے کہ آج یہاں بیٹھا ہوں۔

 عثمان بزدار نے کہا کہ میرے ہاتھ صاف ہیں، اب فرنٹ فٹ پر کھیلوں گا۔ پنجاب میں آٹا مقررکردہ نرخوں پر دستیاب ہے دیگر صوبوں کے مقابلے میں پنجاب میں آٹے کی قیمتوں میں استحکام آیا ہے۔انہوں  نے کہا کہ ریورراوی اربن ڈویلپمنٹ پراجیکٹ کی اتھارٹی کو مکمل طورپر بااختیار بنایاگیاہے۔یہ اتھارٹی خود فیصلے کر کے اقدامات اٹھائے گی۔روزمرہ کے امور بھی اتھارٹی خود دیکھے گی قانون کے تحت اتھارٹی تشکیل دی ہے اوراسے بااختیار بنایا ہے۔ ریورراوی اربن ڈویلپمنٹ پراجیکٹ پاکستان کی معیشت کو بحال کرنے کا بہت بڑا منصوبہ ہے۔اس منصوبے سے پاکستان کی 40سے زائد صنعتیں پھلے پھولیں گی۔ ماضی کی کوئی بھی حکومت یہ منصوبہ شروع کرنے کا حوصلہ نہیں کرسکی۔

 وزیر اعلی پنجاب نے کہا کہ ایم پی ایز کی طرح اراکین قومی اسمبلی بھی ملاقات کے لئے آتے ہیں۔اراکین قومی اسمبلی کے مسائل بھی اسی طرح حل کرتا ہوں جس طرح اراکین صوبائی اسمبلی کے۔منتخب نمائندوں سے رابطے رکھنا میری ذمہ داری ہے۔عوامی نمائندوں کے مسائل کے حل کیلئے آخری حد تک جاؤں گا۔وزیر اعلی پنجاب نے کہا کہ 2برس ہونے کو ہے میڈیا کے دوستو کی محبت ہم سے کم نہیں ہوئی۔