نوشہرہ،17اگست(اے پی پی): نوشہرہ پولیس نے کامیاب کارروائی کرتے ہوئے 06سالہ معصوم سیما کوتشدد کرکے قتل کرنے والے درندہ صفت سفاک ملزم کو گرفتار کرلیا۔
ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر نوشہرہ کیپٹن (ریٹائرڈ) نجم الحسنین کے ہمراہ پولیس لائن نوشہرہ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایاکہ 06سالہ معصوم سیما ہفتہ کو دوپہر گھر سے نکلی لیکن واپس نہیں آئی جس پر اس کے لواحقین نے بچی کی تلاش شروع کی، سہ پہر کوایک ویران پولٹری فارم میں سیما کی تشد زدہ بوری بند لاش ملی جس کو پوسٹ مارٹم کیلئے ہسپتال بھجوایا گیا ۔
اس واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے ڈی آئی جی مردان شیر اکبر خان نے فوری طور پر جائے وقوعہ کادورہ کیا اور لواحقین سے ملاقات کرکے ملزمان کی گرفتاری کی یقین دہانی کرائی اور ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر نوشہرہ کیپٹن (ریٹائرڈ) نجم الحسنین کی سر براہی میں ایس پی انوسٹی گیشن نورجمال خان پر مشتمل جے آئی ٹی تشکیل دیکر ملزم کی گرفتاری کا ٹاسک حوالہ کیا۔
ڈی پی او نے کہا کہ پولیس ٹیم نے کیس کی تفتیشں شروع کی چونکہ بچی کی لاش گھر کے قریب سے ہی ملی تھی اس لئے آس پاس کے لوگوں کی چھان بین کا فیصلہ کیا گیا،کیس کی چھان بین کے دوران علاقے میں موجود مشکوک افراد سے پوچھ گچھ کی گئی اور بالاخر ایک گھر سے دُھلے ہوئے کپڑے ملے جس پر خون کے نشانات تھے جس کی بنا پرملزم کو شامل تفتیش کیا گیا جس نے دوران تفتیش اپنے گھناونے جرم کا اعتراف کر لیا جو مصعوم بچی کا پڑوسی ہے۔
ڈسٹرکٹ پولیس افیسر نوشہرہ کیپٹن (ریٹائرڈ) نجم الحسنین نے کہا کہ انشاء اللہ ملزم کو کیفردار تک پہنچایا جائے گا کیونکہ خیبر پختونخواہ پولیس نے ہمیشہ مظلوم کا ساتھ دیکر ظالم کو اس کے انجام تک پہنچایا ہے اور آگے بھی یہ اس طرح جاری رہے گا۔
وی این ایس، نوشہرہ











