جشن یوم   آزادی؛ پولیس لائنز ہیڈکوارٹرز راولپنڈی میں پروقار تقریب، پاکستان سویٹ ہوم کے بچوں کی  شرکت

130

 

راولپنڈی ، 14 اگست (اے پی پی ): جشن آزادی کے موقع پر راولپنڈی پولیس نے یوم آزادی قوم کے مستقبل کے نام کردیا، پاکستان سویٹ ہوم کے بچوں کے ہمراہ پولیس لائنز ہیڈکوارٹرز میں پُر وقار تقریب کا انعقاد کیا گیا۔

تقریب کا آغاز یاد گار شہداء پر پرچم کشائی اور سلامی سے کیا گیا، پولیس بینڈ نے قومی ترانے کے دھن بجائے، سلامی کے بعد ملک و قوم کی سلامتی کیلئے دعا کی گئی۔سلامی کے بعد مہمانوں کو پولیس لائن ہیڈکوارٹر میں کوارٹر گارڈ اورشہداء گیلری کا دورہ کروایا گیا۔

پاکستان سویٹ ہومز کے بچوں کو ڈولفن، ایلیٹ، واٹر کینن سمیت فورس کی مختلف یونٹس کا ڈیمو دکھایا گیا جس میں بچوں نے خصوصی دلچسپی کا اظہار کیا۔سب انسپکٹر ارشاد احمد شہید آڈیٹوریم میں تقریب کے دوران پولیس ہیڈکانسٹیبل تنویر نے ملی نغمہ پیش کیا، سویٹ ہوم کے بچوں کی جانب سے بھی ملی نغمے پیش کئے گئے۔

اس موقع  پر  سی پی او راولپنڈی نے کہا  کہ پاکستان سویٹ ہوم کے بچوں کا شکریہ ادا کرتا ہوں جنہوں نے یوم آزادی کی خوشیاں ہمارے ساتھ مناکر ہمیں عزت دی۔ ہم آج کا دن اپنے مستقبل کے معماروں کے نام کرتے ہیں،ملک پاکستان عظیم قربانیوں کے نتیجے میں ملا، اس کی قدر کریں۔

 آر پی او نے کہا کہ آپ ہمارا مستقبل ہیں آپ ہم سے بڑھ کر اس ملک و قوم کی خدمت کر سکتے ہیں۔

تقریب کے اختتام پر آر پی او، سی پی او اور افسران نے پاکستان سویٹ ہوم کے بچوں کے ساتھ ریفریشمنٹ کی اور بچوں کو تحائف بھی پیش کئے گئے۔

تقریب میں آر پی او سمیت  سہیل حبیب تاجک، سی پی او راولپنڈی محمد احسن یونس اور دیگر سینئر پولیس افسراناور  جوانوں کی بڑی تعداد میں شرکت کی۔