جلالپورپیروالا،05آگست(اے پی پی): ملک کے دوسرے حصوں کی طرح مقبوضہ کشمیر میں بھارت کی طرف سے 8 لاکھ فوج کے ذریعے غاصبانہ کرفیو کے نفاذ کے ایک سال گزرنے کے موقع پر جلالپورپیروالا میں احتجاج کیا گیا اور کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کےلیے سیمینارز اور ریلیاں نکالی گئیں اور کشمیریوں کے حق میں نعرے بازی کی گئی۔
سب سے بڑی ریلی میونسپل کمیٹی سے نکالی گئی جس کی قیادت اسسٹنٹ کمشنر غلام سرور نے کی جبکہ ڈی ایس پی محمد ارشاد جوئیہ ،صدر بار چوھدری محمد اسلم ایڈووکیٹ بھی ان کے ہمراہ تھے، مختلف راستوں سے ہوتی ہوئی ریلی چوک فوارہ پہنچی جہاں پر مقررین نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بھارتی غاصب حکومت نے آج ہی کے دن 8 لاکھ بھارتی فوج کی مدد سے مقبوضہ کشمیر میں کرفیو لگایا، ایک سال سے نہتے کشمیری مظالم کا شکار ہیں لیکن امن کے عالمی ٹھیکدار خاموشی کا شکار ہیں۔انہوں نے کہا کہ کشمیر کے بچے بوڑھے،عورتیں اورجوان تکالیف اور مصیبتوں کو برداشت کررہے ہیں ۔
مقررین نے کہا کہ ہم اقوام متحدہ اور دنیا بھر کے انصاف و امن کے علمبرداروں کو باور کراتے ہیں کہ ظالم مودی حکومت سے نہتے کشمیریوں کو آزاد کرایا جائے، بھارتی مظالم سے اب تک ہزاروں کشمیری شہید ہوچکے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ انشااللہ کشمیر کی آزادی تک پاکستانی عوام کشمیریوں کی ہر لحاظ سے حمایت جاری رکھے گی۔
وی این ایس، جلالپورپیروالا











