پشاور، 9اگست(اے پی پی): گورنر خیبر پختونخوا شاہ فرمان نے کہا ہے کہ آج پورے پاکستان میں اربن پلانٹیشن ڈے انتہائی جوش وخروش کیساتھ منایا جارہا ہے اور اس دن کو منانے اور اس مہم کو کامیاب کرنے میں ٹائیگر فورس کا کلیدی کردار ہے۔
گورنر شاہ فرمان نے اس دن کی مناسبت سے جاری کردہ اپنے خصوصی پیغام میں کہا ہے کہ پاکستان دنیا کے ان چند ممالک میں شامل ہے جن کو ماحولیاتی تبدیلیوں کا سامنا ہے ، جس کا مقابلہ کرنے کے لئے پوری قوم کو شجرکاری مہم میں حصہ لینا چاہیے۔
گورنر خیبرپختونخوا شاہ فرمان نے کہا کہ ٹائیگر فورس کی شجر کاری مہم میں شرکت خوش آئندہے، ہم ان کی استعداد سے بھرپور فائدہ اٹھائیں گے، جسطرح ٹائیگر فورس نے کرونا کے خلاف جنگ میں اپنا کردار ادا کیا اسی طرح اس مہم کو کامیاب بنانے میں بھی یہ فورس کلیدی کردار ادا کریگی۔ انہوں نے مزید کہا کہ دنیا بھر میں ماحولیاتی تبدیلیاں رونما ہورہی ہے، شجرکاری سےآئندہ دس پندرہ سالوں میں واضح مثبت تبدیلی سامنے آئیگی۔
اے پی پی /صائمہ حیات/حامد











