محرم الحرام کے دوران عبادت گاہوں کی سیکورٹی کے فول پروف انتظامات کئے جائیں گے؛عثمان بزدار

149

لاہور22 اگست(اے پی پی): وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی زیر صدارت ایپکس کمیٹی کاخصوصی اجلاس منعقد ہوا،اجلا س میں محرم الحرام کے دوران کئے جانے والے سیکورٹی انتظامات کا جائزہ لیا گیا،وزیر اعلی پنجاب نے مجالس اور جلوسوں کے لئے کورونا ایس او پیز پر عملدرامد یقینی بنانے کی ہدایت بھی دی۔انہوں نے  کہا کہ  محرم الحرام کے دوران مساجد ، امام بارگاہوں اور عبادت گاہوں کی سیکورٹی کے فول پروف انتظامات کئے جائیں گے۔

عثمان بزدار نے کہا کہ محرم الحرام کے دوران ضابط اخلاق پر عملدرامد یقینی بنایا جائے، جلوسوں اور مجالس میں کورونا ایس او پیز کو ضرور ملحوظ خاطر رکھا جائے۔انہوں  نے کہا کہ کورونا پر جلد مکمل قابو پا لیں گے لیکن احتیاط بے حد ضروری ہے،مجالس کے دوران ماسک کی پابندی لازمی کی جائے،ایس او پیز کی خلاف ورزی کورونا کے دوبارہ پھیلاؤ کا سبب بن سکتی ہے۔

وزیر اعلی پنجاب نے کہا کہ جلوسوں کے روٹ پر تجاوزات کا خاتمہ یقینی بنایا جائے،محرم الحرام کے دوران صوبے میں قانون کی عملداری کو ہرصورت یقینی بنایا جائے،مذہبی ہم آہنگی کے فروغ اور فرقہ واریت کے سدباب کے لئے تمام تر ممکنہ اقدامات کئے جائیں جبکہ سوشل میڈیا کے ذریعے فرقہ واریت پھیلانے والے عناصر کے خلاف کارروائی کی جائے۔انہوں نے  کہا کہ محرم الحرام میں امن و امان کو یقینی بنانے کے لئے پاک فوج کی خدمات بھی حاصل کی جائیں گی۔

اجلاس میں کورکمانڈر لاہورلیفٹیننٹ جنرل ماجد احسان ، جی اور سی 10 ڈویژن میجرجنرل محمد انیق الرحمن ، ڈی جی رینجرز میجر جنرل محمد عامر مجیداور دیگر عسکری حکام نے شرکت کی جبکہ  صوبائی وزراء راجہ بشارت ، ڈاکٹر یاسمین راشد، چیف سیکرٹری ، ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ ،  آئی جی پولیس ، پرنسپل سیکرٹری ٹو وزیر اعلی ، سپیشل سیکرٹری ہیلتھ،سیکرٹری اطلاعات، سیکرٹری ہائر ایجوکیشن ، پروفیسر میاں محمد اویس ، پروفیسر ڈاکٹر سائرہ افضل اور دیگر حکام  بھی  شریک   تھے ۔