ملتان؛ڈپٹی کمشنر عامر خٹک ،سی پی او محمدحسن رضا خان کا محرم الحرام کے موقع پر شہر کادورہ

104

ملتان، 19اگست)اے پی پی ): ڈپٹی کمشنر عامر خٹک اورسی پی او محمدحسن رضا خان نے   محرم الحرام کےموقع پر شہر کادورہ کیا۔ اے سی سٹی عابدہ فرید،ایس پی سٹی جاوید خان،سی ای او ایم ڈبلیو ایم سی عبدالطیف خان چیف آفیسر ایم سی اقبال فرید اور ایم ڈی واسا مشتاق خان بھی ہمراہ تھے۔

ڈپٹی کمشنر اور سٹی پولیس آفیسر نے عزاداری کے جلوسوں اور امام بارگاہوں کا دورہ  بھی کیا ،  شاہ شمس،دولت گیٹ،پاک گیٹ،حرم گیٹ اور ممتازآباد کے روٹس کا معائنہ کیا اور لائسنسداران اور مجالس و جلوسوں کے منتظمین سے ملاقات بھی کی۔

 عامر خٹک نے کہا کہ میپکو حکام کو عاشورہ کے دوران لوڈشیڈنگ نہ کرنیکی ہدایات دی گئی ہیں، میٹروپولیٹن کارپوریشن  روشنی کا متبادل انتظام سٹینڈ بائی رکھے گی۔انہوں نے  کہا کہ  ویسٹ منیجمنٹ کمپنی کل سے شہر میں14 ایمرجنسی کیمپ فعال کردے گی، واسا نے جلوسوں کے روٹس پر سیوریج شکایات کے بروقت ازالے کا میکانزم تیار کر لیا ہےجبکہ  ریسکیو اور محکمہ صحت کو ڈیوٹیاں تفویض کر دی گئی ہیں۔

ڈپٹی کمشنر عامر خٹک نے کہا کہ عاشورہ محرم کے دوران انتظامات کی مانیٹرنگ میں خودکرونگا، ضلعی انتظامیہ کی طرف سے 9 اور10 محرم کو عزاداروں میں لنگر تقسیم کیا جائے گا۔

 سی پی او محمد حسن رضا خان نے کہا کہ سیکیورٹی کے حوالے سے پولیس نے تمام ہوم ورک مکمل کر لیا ہے،امن و امان برقرار رکھنے کے لئے پولیس مکمل طور  الرٹ ہے، امام بارگاہوں اور ماتمی جلوسوں کے روٹس پرسیکیورٹی کیمرے لگا دئے گئے ہیں۔

سی پی او حسن رضا خان نے کہا کہ تلاشی کے بغیر کسی شخص کو مجالس اور جلوسوں میں داخل  ہو نے  کی   اجازت نہیں ہو  گی  جبکہ  اجنبی کو جلوسوں کے روٹس پر کھانے پینے کی اشیاء تقسیم کرنے کی اجازت نہ دی جائے۔