پینشن کی با عزت فراہمی ہماری معاشرتی اقدار کی عکاسی کرتی ہے: شہزاد ارباب

90

اسلام آباد، 19 اگست  ( اے پی پی): وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے اسٹیبلشمنٹ، محمد شہزاد ارباب نے آج اسٹیبلشمنٹ ڈویژن میں پنشن ویلفیئر سیل کا دورہ کیا۔

 اس موقع پر اسپیشل سیکریٹری اسٹیبلشمنٹ، ڈاکٹر مسعود اختر نے معاون خصوصی کو بریفنگ دیتے ہوۓ بتایا کہ اسٹیبلشمنٹ ڈویژن نے سب سے پہلے ماڈل پینشن سیل قائم کیاجو ریٹائرڈ ملازمین کو بغیر کسی تاخیر اور تکلیف کے پینشن کی فراہمی کو یقینی بناتا ہے۔ ملازم کی ریٹائرمنٹ سے ایک سال قبل ، پنشن سیل ملازم کی دستاویزات مکمل کرنے کا عمل شروع کرتا ہے۔ ریٹائرمنٹ سے تین ماہ قبل ، پینشن کے لئے اس کا کیس اے جی پی آر کو بھجوا دیا جاتا ہے۔ ریٹائرمنٹ کے موقع پر، ملازم کو پنشن پیمنٹ آرڈر (پی پی او) فراہم کر دیا جاتا ہے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ پنشن سیل کے قیام کا مقصد ریٹائرڈ ملازمین کو ان تمام پریشانیوں سے بچانا تھا جن سے وہ ماضی میں پینشن کے حصول کے لیے گزرتے تھے۔

معاون خصوصی شہزاد ارباب نے اس موقع پر کہا کہ حکومت پاکستان کی طویل خدمت کے بعد ، ریٹائرڈ ملازمین قابل احترام اور ہمدردانہ سلوک کے مستحق ہوتے ہیں اور معزز انداز میں پینشن کی فراہمی ہماری معاشرتی اقدار کی عکاسی کرتی ہے۔ انہوں نے زور دے کر کہا کہ تمام وزارتوں / ڈویژنوں میں اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کی طرز پر پنشن سیل قائم کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ اگلے سکریٹریز کمیٹی کے اجلاس میں اس معاملے کو اٹھانا چاہئے۔

معاون خصوصی  برائےاسٹبلشمنٹ نے تین ریٹائرڈ ملازمین میں پی پی اوز اور شیلڈز بھی تقسیم کیں۔ ان ملازمین میں علی زمان ، سیکشن آفیسر ، خلیق الزماں ، قاصد اور نور خان ، نائب قاصدشامل تھے۔ انہوں نے  پینشن کی بروقت فراہمی پر اظہار اطمینان کیا۔ معاون خصوصی نے ان کے مستقبل کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔