کوئٹہ، 07اگست (اے پی پی ):وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان نے کہا ہے کہ صوبے میں تعمیر ہونے والے تمام ڈیموں کو جلد از جلد مکمل کیا جائے اور ہر علاقے کی موزوعیت کے مطابق شجر کاری کرکے ماحولیاتی تحفظ کے لئے گرین ہاؤس کے اثرات پیدا کئے جاسکیں گے۔
ان خیالات کا اظہار وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان نے صوبے میں ڈیموں کی تعمیر کے منصوبوں کی پیشرفت کے جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس کو محکمہ آبپاشی کی جانب سے اجلاس کو تعمیری منصوبوں پر بریفنگ دی گئی۔
وزیراعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ بلوچستان بنیادی طور پر خشک سالی کا شکار صوبہ ہے اور اس کا زیادہ تر حصہ بارانی ہے جہاں زراعت اور مالداری کا انحصار بارشوں پر ہے تاہم ڈیم نہ ہونے کے باعث بارشوں اور سیلاب کا پانی ضائع ہوجاتا ہے، انہوں نے مستقبل میں کوئٹہ کیلئے پانی کی ضروریات کو پورا کرنے کے لئے مانگی ڈیم کی تعمیر جلد مکمل کی جائے ، چیک ڈیموں کی تعمیر سے نہ صرف پانی کو ذخیرہ کرنا ممکن ہوسکے گا بلکہ زیر زمین پانی کے ذخائر میں بھی اضافہ ہوگا اور ڈیموں کی تعمیر سے زراعت، مالداری اور آبنوشی کے شعبوں کی ترقی ہوگی جس سے معیشت میں بہتری آئے گی اور روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے۔
اجلاس میں ایڈیشنل چیف سیکریٹری منصوبہ بندی وترقیات، سیکریٹری آبپاشی، سیکریٹری خزانہ نے شرکت کی۔
اے پی پی / محمد بلال اعوان/حامد











