لاہور،24اگست(اے پی پی): وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی زیرصدارت سول سیکرٹریٹ میں اعلیٰ سطح کا اجلاس منعقد ہوا جس میں صوبے میں آٹے اور چینی کے نرخوں کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
وزیر اعلی پنجاب نے کہا کہ صوبہ بھر میں 20 کلو آٹے کا تھیلا مقرر کردہ قیمت 860 روپے میں وافر دستیاب ہے۔ پنجاب واحد صوبہ ہے جہاں عوام کو مقرر کردہ کردہ قیمت پر آٹے کا تھیلا مل رہا ہے۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے آٹے کا تھیلا سرکاری ریٹ پر عوام کو فراہم کرنے کے حوالے سے کئے گئے اقدامات پر اطمینان کا اظہار کیا۔
اجلاس میں صوبہ پنجاب سے آٹے کی سمگلنگ روکنے کیلئے مانیٹرنگ کو مزید سخت کرنے کیلئے ہر ممکن انتظامی اقدام اٹھانے کا فیصلہ بھی کیا گیا۔ وزیر اعلی پنجاب نے کہا کہ پنجاب حکومت خیبرپختونخوا کے بہن بھائیوں کیلئے بھی روزانہ کی بنیاد پر گندم فراہم کر رہی ہے۔ پنجاب حکومت عوام کو مقررکردہ قیمت پر آٹا مہیا کرنے کیلئے اربوں روپے کی سبسڈی دے رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ سبسڈی غریب عوام کا حق ہے۔ اشرافیہ کو آٹے پر سبسڈی ملنا غریب کا حق مارنے کے مترادف ہے۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے آٹے کی سبسڈی کو ٹارگٹڈ بنانے کیلئے موثر میکانزم تشکیل دینے کی ہدایت بھی دی۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے محکمہ خوراک سے ٹارگٹڈ سبسڈی کیلئے حتمی پلان بھی طلب کیا۔
انہوں نے کہا پنجاب حکومت اب تک 6 لاکھ 69 ہزار ٹن گندم فلور ملوں کو ریلیز کر چکی ہے۔ پنجاب کے پاس تقریباً 37 لاکھ ٹن گندم کے ذخائر موجود ہیں۔عثمان بزدار نے کہا کہ پنجاب روزانہ 17 ہزار ٹن سے زائد گندم فلور ملوں کو ریلیز کر رہی ہے۔ مارکیٹ میں آٹے کی قیمت میں استحکام آیا ہے۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے آٹے کی قیمت میں استحکام برقرار رکھنے کیلئے سخت مانیٹرنگ کی ہدایت بھی دی۔
اجلاس میں چینی کے نرخوں میں استحکام کیلئے تمام ضروری انتظامی اقدامات اٹھانے کا فیصلہ بھی کیا گیا۔ وزیر اعلی پنجاب نے کہا کہ آٹے اور چینی کی قیمتوں میں خود ساختہ اضافہ برداشت نہیں کروں گا۔ انتظامی افسران خود مارکیٹوں اور بازاروں کے دورے کریں اور قیمتوں کا جائزہ لے کر رپورٹ وزیراعلیٰ آفس پیش کریں۔
انھوں نے کہا کہ میں خود بھی مارکیٹوں اور بازاروں کے دورے کرکے صورتحال کا جائزہ لوں گا۔ کسی کو عوام کا استحصال کرنے کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔











