لاہور،18اگست(اے پی پی): وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدارسے سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر اوروزیردفاع پرویز خٹک نے منگل کو یہاں ملاقات کی ،ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور،سیاسی صورتحال، عامہ کے منصوبوں پر تبادلہ خیال سمیت باہمی رابطوں کے سلسلے کو مزید موثر بنانے پر اتفاق کیا گیا۔اس کے علاوہ وزیراعظم عمران خان کی انسداد کورونا کی کامیاب پالیسی کی تعریف بھی کی۔ اسدقیصر اورپرویز خٹک نے پنجاب حکومت کے کورونا کا پھیلاؤ روکنے کیلئے بروقت اقدامات کو سراہا۔
وزیر اعلی پنجاب نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کردیاہے۔ وزیراعظم عمران خان قائد بے مثال ہیں،ان کی رہنمائی ہمارے لئے مشعل راہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ دوبرس میں کئی برسوں کا کام نمٹایا اور سابق حکومتوں کی غلطیوں اورکوتاہیوں کا ازالہ بھی کیا۔ وزیر اعلی نے کہا کہ ہم نے پنجاب میں ترقی ایک جگہ مرتکز کرنے کی بجائے دائرہ کار وسیع کیا ہے۔ پنجاب کے ہر گاؤں، قصبے اورشہر کی یکساں ترقی پر عمل پیرا ہیں۔ عثمان بزدار نے کہا کہ سیاسی شعبدہ بازی کا دورگزرگیا، عملی اقدامات کررہے ہیں۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کہا کہ پنجاب عثمان بزدار کی قیادت میں ترقی کی راہ پر گامزن ہے۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار کی ترقیاتی منصوبوں میں ارکان قومی اسمبلی سے مشاورت قابل تحسین ہے۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار کی قیادت میں پنجاب حکومت اوراراکین قومی اسمبلی سے مشاورت کا سلسلہ آئندہ بھی جاری رہے گا جبکہ عوامی خدمت کے سفر کو مزید تیزی سے آگے بڑھائیں گے۔
اسد قیصر نے مزید کہا کہ وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں پاکستان استحکام کی طرف گامزن ہے۔ پنجاب میں کورونا سمیت متعدد مواقع میں دوسرے صوبوں کیلئے قابل تقلید مثال قائم کی ہے۔
اس موقع پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے وزیر دفاع پرویز خٹک نےکہا کہ ترقی کے سفر میں ایک دوسرے کے تجربات سے فائدہ اٹھائیں گے۔پنجاب اورخیبرپختونخوا کے درمیان مختلف شعبوں میں تعاون قابل تحسین ہے جبکہ نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں نئے پاکستان کی بنیاد رکھ دی گئی ہے ۔ شفاف پاکستان ہر پاکستانی کی آواز ہے۔
سینیٹر ایوب خان اوررکن قومی اسمبلی امجد علی خان بھی اس موقع پر موجود تھے۔
وی این ایس ،لاہور











