وزیراعلیٰ پنجاب سے وزیر خارجہ کی ملاقات، جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ کو مکمل فعال کرنے کے لئے فوری طورپر انتظامی اقدامات اٹھانے کا فیصلہ

107

لاہور،8 اگست(اے پی پی): وزیراعلی پنجاب سردار عثمان بزدار سے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے ہفتہ کو یہاں ملاقات کی،ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور، سیاسی صورتحال او رجنوبی پنجاب سیکرٹریٹ کے امور پر تبادلہ خیال سمیت جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ کو مکمل فعال کرنے کے لئے فوری طورپر انتظامی اقدامات اٹھانے کا فیصلہ بھی کیا گیا۔

ملاقات  میں گفتگو  کرتے ہوئے  وزیر اعلی پنجاب کا کہنا  تھا کہ جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ میں مختلف محکموں کے سیکرٹریز کو جلد تعینات کر دیا جائے گا،محکموں کے سیکرٹریز مکمل با اختیار ہوں گے، جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ کو انتظامی و مالیاتی لحاظ سے خود مختاری دی جائے گی۔

عثمان بزدار نے کہا کہ ملتان ڈویژن، بہاولپورڈویژن اور ڈیرہ غازی خان ڈویژن سے متعلقہ امور مقامی طورپر نمٹائے جائیں گے،وزیراعلیٰ نے ملتان میں 100بستروں پر مشتمل مدر اینڈ چائلڈ ہسپتال کے قیام کی اصولی منظوری بھی دے دی,یہ ہسپتال غلہ منڈی کی پرانی عمارت کی جگہ پر بنایاجائے گا جبکہ  ملتان میں واسا او رسیوریج سے متعلقہ مسائل فوری حل کئے جائیں گے۔

وزیر اعلی پنجاب نے کہا کہ جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ کا قیام تحریک انصاف کی حکومت کا بڑا اقدام ہے،جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ کے قیام سے لوگوں کو کام کے سلسلے میں لاہور نہیں آنا پڑے گا،وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ تحریک انصاف کی حکومت جنوبی پنجاب کے عوام سے کئے گئے وعدے نبھا رہی ہے،جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ کے قیام سے مقامی لوگوں کو ریلیف ملے گا اور عوام کے مسائل نچلی سطح پر حل ہوں گے جبکہ گورننس بھی  بہتر ہوگی۔

عثمان بزدار اور شاہ محمود قریشی نے بھارتی غیر قانونی مقبوضہ جموں و کشمیر میں مودی سرکار کے بد ترین لاک ڈاؤن اور ظلم وستم کی شدید مذمت کی۔

وزیر اعلی پنجاب نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں پاکستانی قوم نے یوم استحصال کشمیر پر ہر سطح پر بھارتی مظالم کو اجاگر کیا، پوری قوم نے یوم استحصال کشمیر بھرپور طریقے سے منایا۔انھوں نے کہا کہ لاہورسمیت پنجاب کے ہر ڈویژن میں ایک سڑک کو سرینگرکے نام سے منسوب کریں گے،غیر قانونی بھارتی مقبوضہ جموں و کشمیر کے عوام کی لازوال جدوجہد کو سلام پیش کرتے ہیں،کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے،کشمیر کاز سے ایک انچ بھی پیچھے نہیں ہٹ سکتے۔

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا  مودی نے مقبوضہ جموں و کشمیر میں بربریت کا بازار گرم کررکھا ہے،بھارتی حکومت نے کشمیریوں پر ظلم کی انتہا کرکے سفاکیت کی نئی تاریخ رقم کی ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ22 کروڑپاکستانی کشمیریوں کے ساتھ کھڑے ہیں، پاکستان کشمیر کے بغیرادھورا ہے۔

صوبائی وزیر ڈاکٹر محمد اختر ملک،چیف وہیپ قومی اسمبلی ایم این اے عامر ڈوگر،ایم این اے زین قریشی،پرنسپل سیکرٹری وزیراعلیٰ پنجاب اور متعلقہ حکام بھی اس موقع پر موجود تھے-

وی این ایس ، لاہور